یو ایس اوپن: میرا اینڈریوا کا اسپورٹس مین اسپرٹ مداحوں کو بھا گیا

پوتاپووا نے گھٹنے پر پٹی باندھنے کے بعد میچ جاری رکھا تاہم وہ مزید کوئی پوائنٹ حاصل نہ کرسکیں


اسپورٹس ڈیسک September 08, 2026

یو ایس اوپن میں روسی ٹینس اسٹار میرا اینڈریوا نے شاندار کھیل کے ساتھ ساتھ اسپورٹس مین اسپرٹ کا بھی شاندار مظاہرہ کیا۔

19 سالہ اینڈریوا نے چوتھے راؤنڈ میں آسٹریا کی اناستاسیا پوتاپووا کو 5-7، 4-6 اور 3-6 سے شکست دے کر پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ کے آخری سیٹ میں اینڈریوا 3-5 سے آگے تھیں کہ پوتاپووا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گر گئیں اور بائیں گھٹنے میں تکلیف کے باعث کورٹ پر بیٹھ گئیں۔

اینڈریوا فوراً نیٹ پار کرکے ان کے پاس پہنچیں، انہیں سہارا دے کر کھڑا کیا اور طبی امداد کے لیے برف بھی منگوائی۔

پوتاپووا نے گھٹنے پر پٹی باندھنے کے بعد میچ جاری رکھا تاہم وہ مزید کوئی پوائنٹ حاصل نہ کرسکیں اور اینڈریوا کے آخری شاٹ کو واپس کرنے کی کوشش بھی نہیں کی۔

میچ ختم ہونے پر دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔

اینڈریوا نے بتایا کہ وہ بچپن سے پوتاپووا کو اپنا آئیڈیل سمجھتی تھیں اور 2016 میں ان کی جونیئر ومبلڈن کامیابی بھی یاد ہے۔

دونوں کے درمیان مضبوط دوستی بھی قائم ہوچکی ہے۔