گل فیروزہ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ

ٹورنامنٹ میں ڈی آر ایس کی سہولت موجود نہ ہونے کے باعث گل فیروزہ کو میدان چھوڑنا پڑا


اسپورٹس ڈیسک September 09, 2026

پاکستان ویمنز ٹیم کی ٹاپ آرڈر بیٹر گل فیروزہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث جرمانے کی زد میں آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق گل فیروزہ کو ہانگ کانگ کے خلاف ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے میچ میں امپائر کے فیصلے پر عدم اطمینان ظاہر کرنے پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا گیا۔

دبئی میں پیر کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کے پانچویں اوور میں گل فیروزہ نے ہانگ کانگ کی اسپنر کاری چان کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند ان کے پیڈ سے ٹکرا گئی اور اپیل پر امپائر نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا۔

ٹورنامنٹ میں ڈی آر ایس کی سہولت موجود نہ ہونے کے باعث گل فیروزہ کو میدان چھوڑنا پڑا۔

آئی سی سی کے مطابق گل فیروزہ نے پویلین واپسی کے دوران بیٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ظاہر کیا کہ گیند بیٹ سے لگی تھی جو امپائر کے فیصلے سے اختلاف کے زمرے میں آتا ہے۔

یہ حرکت آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی تھی۔

یہ گل فیروزہ کا 24 ماہ کے دوران دوسرا جرم ہے جس کے بعد ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کپتان فاطمہ ثناء بھی بھارت کے خلاف میچ میں اسی نوعیت کی خلاف ورزی پر 10 فیصد جرمانے اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کی سزا پا چکی ہیں۔