اقوام متحدہ نے اسرائیل سے لبنان میں فوری جنگ بندی اور فوجیں نکالنے کا مطالبہ کردیا

اقوام متحدہ کے سربراہ نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے


ویب ڈیسک September 09, 2026

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور اسرائیلی فوج کے لبنانی سرزمین سے انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔

گوتریس نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں جنوبی لبنان میں شہری ہلاکتوں، اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلا کے احکامات کے باعث لوگوں کی مشکلات اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے تمام فریقوں سے فوری طور پر دشمنی ختم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لبنان کی سرزمین پر طاقت کے استعمال کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہونا چاہیے۔

اقوام متحدہ کے سربراہ نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے۔ ان کے مطابق خطے میں مزید کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے بجائے شہریوں کے تحفظ اور امن کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔

گوتریس کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث شہری آبادی کو نقل مکانی اور بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا ہے۔ تازہ اپیل سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔