کراچی، بھیم پورا میں گٹر میں کام کے دوران بہیوش ہونے والے 2 خاکروب جاں بحق

حالت بگڑنے پر اہل خانہ نے دونوں کو نجی اسپتال منتقل کردیا تھا


اسٹاف رپورٹر September 10, 2026

کراچی:

اولڈ سٹی ایریا بھیم پورہ گٹر میں کام کے دوران بہوش ہونے والے دو خاکروب دوران علاج دم توڑ گئے، جاں بحق ہونے والے لیاری کے رہائشی اور سالہ بہنوئی تھے، متوفی رمیش دو بچوں کا باپ تھا، ورثا نے قانونی کارروائی کروانے سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق نپئیر کے علاقے اولڈ سٹی ایریا بھیم پورا جماعت خانے کے قریب بدھ کو دن میں تقریباً 12 بجے گٹر میں کام کے دوران دم گھٹنے سے 2 خاکروبوں کی حالت غیر ہوگئی جنہیں فوری طور پر موقع پر موجود شہریوں اور ایدھی کے رضاکاروں کی مدد سے گٹر سے باہر نکال کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

بعدازاں، دونوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد صدر میں واقعے نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں دوران علاج رات گئے دونوں افراد دم توڑ گئے۔

چھیپا ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 19 سالہ ونی ولد راجو اور 40 سالہ رمیش ولد محمد احمد عرف کانجی کے ناموں سے کی گئی، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے چھیپا سردخانے منتقل کر دی گئیں۔

جاں بحق ہونے والوں کے رشتے دار امیت نے بتایا کہ متوفی ونی متوفی ونیش کا برادر نسبتی تھا، رمیش دو بچوں کا باپ تھا، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد لیاری مولیٰ مدد کے رہائشی تھے، رمیشن کے والدین کا ذاتی گھر پنجاب چورنگی چانڈیو ولیج میں ہے جبکہ وہ لیاری میں اپنے بیوی بچوں کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہتا تھا، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد جماعت خانے میں پرائیوٹ ملازمت کرتے تھے۔

جماعت خانے کی انتظامیہ نے مرنے والوں کے ورثا سے بات چیت کے بعد دونوں افراد کے درمیان مفاہت کا لیٹر تیار کرا کر پولیس کے حوالے کر دیا جس میں کسی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرانے کے بارے میں بھی لکھا ہے۔