’ہر مرد کی 4 شادیاں کروانا میرا مشن ہے‘، مفتی طارق مسعود کے بیان پر شوبز شخصیات کا شدید ردعمل

ان کے اس وائرل بیان پر کئی شوبز شخصیات نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔


ویب ڈیسک September 10, 2026

پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے معروف مذہبی اسکالر مفتی طارق مسعود کے شادیوں سے متعلق وائرل بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ’انتہائی خطرناک‘ قرار دے دیا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں مفتی طارق مسعود مردوں کی چار شادیوں کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آتے ہیں۔ وائرل کلپ میں وہ کہتے ہیں کہ ان کا مقصد ہر مرد کی چار شادیاں کروانا ہے۔

اسی کلپ کے بعض ریمارکس، بالخصوص کم عمر لڑکیوں سے متعلق کہے گئے الفاظ، سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا باعث بنے ہیں۔

ڈیجیٹل کریئیٹر اریج جمیل کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کو نادیہ جمیل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر دوبارہ شیئر کرتے ہوئے مفتی طارق مسعود کے بیان پر سخت ردعمل دیا۔

Nadia Jamil Calls Mufti Tariq’s Recent Statements Dangerous

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ ایک ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کو تشدد، جنسی زیادتی اور قتل جیسے جرائم کا سامنا ہے، اس نوعیت کی گفتگو انتہائی خطرناک ہے۔

اداکارہ نے اسے خواتین کے خلاف نفرت کو مزید ہوا دینے والی گفتگو قرار دیا۔

مفتی طارق مسعود کے وائرل کلپ پر اداکارہ عائشہ عمر، متھیرا اور ژالے سرحدی سمیت متعدد سوشل میڈیا صارفین نے بھی غصے اور تشویش کا اظہار کیا جبکہ بعض صارفین نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔