مکران ڈویژن؛ سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، فتنۃ الہندوستان کا بڑا حملہ ناکام

دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر تمپ کے پروٹیکشن اسکواڈ کو نشانہ بنایا تھا، سیکیورٹی ذرائع


خالد محمود September 11, 2026

سیکیورٹی فورسز نے مکران ڈویژن کے ضلع تمپ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے بزدلانہ حملے کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر تمپ کے پروٹیکشن اسکواڈ کو نشانہ بنایا تھا۔ فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر کی گاڑی کو نشانہ بنا کر اسکواڈ کو اغوا کرنے کی بزدلانہ سازش کی تھی۔

سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی میں دہشت گردوں کے تمام عزائم خاک میں مل گئے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر تمپ کے اسکواڈ کے تمام اہلکاروں کو بحفاظت بچا لیا گیا ہے۔ اس دوران دہشت گرد اپنی گاڑی اور اسلحہ چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان کے متعدد حملہ آور دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی صورتحال اب مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔