عمان کے قریب دو بحری جہازوں پر نامعلوم پروجیکٹائلوں سے حملہ، ایک میں آگ لگ گئی

حکام کی جانب سے فوری طور پر حملے کے ذمہ داروں یا پروجیکٹائلوں کی نوعیت کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی


ویب ڈیسک September 11, 2026

مسقط: عمان کے علاقے خصب کے قریب دو بحری جہاز نامعلوم پروجیکٹائلوں کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں ایک جہاز میں آگ لگ گئی جبکہ دوسرے جہاز کی صورتحال فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

رائٹرز کے مطابق برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے بتایا کہ چار نامعلوم پروجیکٹائل عمان کے خصب سے تقریباً 4 ناٹیکل میل مغرب میں دو بحری جہازوں سے ٹکرائے۔

میری ٹائم کے مطابق ایک قریبی بحری جہاز کے کپتان نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے تقریباً 6 ناٹیکل میل کے فاصلے سے دونوں جہازوں کو پروجیکٹائلوں کی زد میں آتے دیکھا۔

حکام کی جانب سے فوری طور پر حملے کے ذمہ داروں یا پروجیکٹائلوں کی نوعیت کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں بحری جہازوں کی سکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ حالیہ دنوں میں خطے میں متعدد تجارتی جہازوں کو نقصان پہنچنے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جس سے عالمی بحری تجارت اور توانائی کی ترسیل پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔