لاہور:
لاہور کے 2 مختلف علاقوں میں 2 بیٹوں نے اپنے والدوں کو قتل کردیا۔
شالیمار کے علاقے میں جائیداد کے تنازع پر باپ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے، جس پر ایس ایچ او شالیمار علی حسن اور ڈولفن ٹیم نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے باپ کو قتل کرنے والے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او شالیمار علی حسن کے مطابق ملزم محمد اسماعیل خان نے جائیداد سے عاق کیے جانے پر غصے میں آکر اپنے والد محمد یوسف خان پر پستول سے فائرنگ کر دی جس سے یوسف خان موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ملزم قتل کی واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد اسماعیل خان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔
شالیمار پولیس نے واقعہ کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں،ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران کے مطابق قانون ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او شالیمار علی حسن اور ڈولفن ٹیم کو تعریفی اسناد انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی
ادھر گجر پورہ کے علاقے میں جائیداد کے تنازع پر 80 سالہ باپ کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا۔
مقتول کی بیوی کی مدعیت میں ملزم اور اس بیوی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ،انویسٹی گیشن پولیس نے سفاک بیٹے بلال اور اس کی اہلیہ شمع کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے بزرگ شہری کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید نے انچارج انویسٹی گیشن گجر پورہ ممتاز حسین کے ہمراہ جو پولیس ٹیم تشکیل دی اس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا۔
مقتول محمد عظیم کو اس کے سگے بیٹے بلال نے جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کیا تھا، جبکہ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
ایس پی انویسٹی گیشن سول لائن غلام دستگیر خان کے مطابق ملزمان کو پیشہ ورانہ مہارت اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ جائیداد کے تنازع پر باپ کو قتل کرنے والے ملزمان اب پولیس کی گرفت میں ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق ملزمان کے خلاف مضبوط چالان مرتب کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے بہترین کارکردگی پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔