کراچی:
سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے ابتدائی عوامی پیشکش کی منظوری دیدی ہے۔
برآمدی سرگرمیوں سے وابستہ اور شریعہ اصولوں کے مطابق کام کرنے والی کمپنی کے لیے اسٹاک ایکسچینج میں لسٹنگ کی جانب یہ اہم پیش رفت ہے۔ اس آئی پی او کی بک بلڈنگ کا آغاز 21ستمبر سے ہوگا جوکہ 22ستمبرتک جاری رہے گی۔
آئی پی او کے تحت 30 ملین حصص پیش کیے جائیں گے، جن میں سے 75 فیصد (ی 22.5 ملین) حصص بڑے انفرادی اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے بک بلڈنگ کے ذریعے پیش کیے جائیں گے جبکہ باقی 25 فیصد (7.5 ملین) حصص عام سرمایہ کاروں کے لیے 28 اور 29ستمبر کو سبسکرپشن کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
بک بلڈنگ میں حصص کی ابتدائی قیمت 40 روپے فی شیئر مقرر کی گئی ہے، جو سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی بنیاد پر 64 روپے فی شیئر تک بڑھ سکتی ہے۔ اس طرح کمپنی آئی پی او کے ذریعے 1.20 ارب روپے سے 1.92 ارب روپے تک حاصل کرسکتی ہے۔
ٹاپ لائن سیکیورٹیز لمیٹڈ اور گروتھ سیکیورٹیز لمیٹڈ اس آئی پی او کے لیے مشترکہ لیڈ مینیجرز ہیں۔ کمپنی کے مطابق آئی پی او سے حاصل ہونے والا سرمایہ ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے گا، جس سے کاروباری توسیع میں حائل ایک اہم رکاوٹ دور ہوگی۔
کمپنی کے مطابق اضافی سرمایہ زیادہ مقدار میں زرعی پیداوار کی خریداری، پراسیسنگ کی صلاحیت بڑھانے اور بین الاقوامی منڈیوں میں موجود طلب کو برآمدی آمدنی میں تبدیل کرنے کی صلاحیت بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
واضح رہے کہ مالی سال 2026 میں پاکستان کی پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات کا حجم تقریباً 470 ملین ڈالر رہا، جس میں ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کی برآمدی آمدنی تقریباً 4 ملین ڈالر تھی، جو مجموعی مارکیٹ کا ایک فیصد سے بھی کم بنتی ہے۔
کمپنی کا ہدف ہے کہ مالی سال 2027 میں برآمدی آمدنی بڑھا کر تقریباً 18ملین ڈالر تک پہنچائی جائے، جس سے مجموعی مارکیٹ میں کمپنی کا حصہ تقریباً 4فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اہم ریگولیٹری منظوریوں کے حصول کے بعد آئی پی او سے نہ صرف سرمایہ حاصل ہوگا بلکہ ورکنگ کیپیٹل کی ایک بڑی رکاوٹ دور کرنے اور ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے برآمدی کاروبار کو ترقی کے اگلے مرحلے تک لے جانے میں بھی مدد ملے گی۔