جوہری پروگرام پر ایران کا اقوام متحدہ میں بڑا جواب، نئے الزامات کو سیاسی قرار دے دیا

مغربی ممالک ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوششوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں


ویب ڈیسک September 11, 2026

تہران: ایران نے اپنے جوہری پروگرام سے متعلق نئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں تکنیکی کے بجائے سیاسی قرار دیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور ناظم الامور غلام حسین درزی نے سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ کر جمعرات کے اجلاس میں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کیا۔

ایرانی سفارت کار نے کہا کہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام کے خلاف دوبارہ سامنے آنے والے الزامات تکنیکی بنیادوں پر نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کے ہیں۔

غلام حسین درزی نے اپنے خط میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا کہ ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی قرارداد 2231 کی مدت اکتوبر 2025 میں ختم ہوچکی ہے، اس لیے اس قرارداد کی بنیاد پر ایران کے خلاف نئے دعووں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔

ایرانی مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تہران کے جوہری پروگرام پر عالمی سطح پر دوبارہ تشویش اور سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔ ایران مسلسل یہ کہتا رہا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے، جبکہ مغربی ممالک ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوششوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔

تازہ بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اپنے جوہری پروگرام سے متعلق نئے الزامات کو سیاسی دباؤ کا حصہ سمجھتا ہے اور انہیں مسترد کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔