اسلام آباد:
تحریک انصاف کے وفد کی آج مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفد میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شامل ہیں۔
وفد کا مولانا فضل الرحمان اور دیگر نے استقبال کیا۔ جس کے بعد ملاقات ہوئی جس میں اپوزیشن کی احتجاجی تحریک پر بات کی گئی۔
ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے جوائنٹ اپوزیشن پر بات ہوئی تھی سینیٹ و قومی اسمبلی میں جوائنٹ اپوزیشن پر اتفاق ہوا تھا، جوائنٹ اپوزیشن کے حوالے سے آج پہلی میٹنگ ہوئی، ہم نے فیصلہ کیا کہ قومی معاملات پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جا رہی ہے، جوائنٹ اپوزیشن پلیٹ فارم سے اسمبلی اجلاس سمیت قیدیوں کے معاملے پر متفقہ مشاورت ہوگی، آج پہلی ملاقات خوش آئند رہی اور مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔
جے یو آئی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی آمد کا خیر مقدم کرتے ہیں، مشاورتی اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس پر بات چیت ہوئی، ملک میں صوبوں کی قیام سمیت مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی، بلوچستان میں بدامنی سمیت دہشت گردی و مسائل پر بات ہوگی، ملک جن مسائل میں گھرا ہے اس میں کوشش ہو گی کچھ کردار ادا کریں۔