جسمانی ریمانڈ مکمل؛ صحافی بلال غوری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم

این سی سی آئی اے مزید ریمانڈ کے لیے کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتا سکی، عدالت


فیاض محمود September 12, 2026

اسلام آباد:

صحافی بلال غوری کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں صحافی بلال غوری کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کردیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت این سی سی آئی اے کی جانب سے بلال غوری کے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے برآمد ہونے والی ڈیوائسز کا فرانزک کروانا ہے۔

دوسری جانب وکیل صفائی عمران شفیق نے کہا کہ تمام ڈیوائسز ان کے پاس ہیں، فرانزک کے لیے ملزم کا ہونا ضروری نہیں۔ عمران شفیق نے کہا کہ این سی سی آئی اے سے پوچھا جائے کہ 2 دن کے ریمانڈ میں کیا کیا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ این سی سی آئی اے ریمانڈ کے لیے کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتا سکی۔

عدالت نے کہا کہ اس سے قبل 2 دن کے ریمانڈ میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ بعد ازاں عدالت نے ملزم بلال غوری کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے صحافی بلال غوری کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔