لکی مروت کے تھانہ پیزو کی حدود میں جرگے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت مولوی ولی اللہ ولد حیات اللہ سکنہ شربی خیل لکی مروت، حال اکوڑہ خٹک کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول کے بیٹے شمس الاسلام ولد مولوی ولی اللہ نے تھانہ پیزو میں درج رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے والد کا مسمیٰ سفیان ولد ظہور خان سکنہ گاؤں مہرابی، ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ساتھ مستورات پر مبینہ ناجائز تعویزات کرنے کے معاملے پر تنازعہ چل رہا تھا۔
اسی تنازعے کے حل کے لیے ناظم فاروق خان درہ پیزو کی بیٹھک میں جرگہ منعقد کیا گیا تھا۔مدعی کے مطابق جرگے میں ان کی جانب سے جامعہ حلیمیہ کے مولوی عبدالغنی جبکہ مخالف فریق کی جانب سے عبدالرحمن چوارخیل ثالث مقرر تھے۔
جرگے کے دوران ملزم سفیان اور مقتول مولوی ولی اللہ کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر پستول نکال کر فائرنگ کردی۔جس سے مولوی ولی اللہ شدید زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق زخمی کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا جارہا تھا تاہم ڈی آئی خان بازار کے قریب پہنچنے پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
تھانہ پیزو پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔