معروف یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر تنقید کا شکار ہو گئے جب انہوں نے سوشل میڈیا پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق نامناسب مذاق کیا۔
رجب بٹ ان دنوں مختلف ڈیجیٹل کریئٹرز کے ساتھ ٹک ٹاک لائیو سیشنز کر رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک لائیو سیشن میں زید علی کے چہرے کے تاثرات پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق ایک جملہ بطور مذاق استعمال کیا۔
لائیو سیشن کا مذکورہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو صارفین نے اسے غیر حساس اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
انسٹاگرام پیج اعلان ٹوڈے نے بھی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تنقید کی کہ بچوں کے جنسی استحصال جیسے سنگین جرم کو مذاق کا موضوع بنانا متاثرین کے صدمے کی سنگینی کو کم کرتا اور معاشرے کو ایسے جرائم کے حوالے سے بے حس کر سکتا ہے۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے رجب بٹ کے الفاظ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ذمہ دارانہ زبان کے استعمال پر زور دیا، جبکہ بعض صارفین نے متعلقہ حکام سے ان کے خلاف کارروائی اور ان کے مواد پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
