انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا وفد سہ ملکی سیریز کی تیاریوں کا جائزہ لینے پاکستان پہنچ گیا

پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا


ویب ڈیسک September 14, 2026

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا وفد اکتوبر 2026 میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی ون ڈے ٹرائی سیریز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق وفد کا دورہ معمول کے مطابق ہے۔ وفد لاہور اور راولپنڈی میں سیریز کے انتظامات کا جائزہ لے گا اور سیکیورٹی حکام سمیت متعلقہ مقامی انتظامیہ سے بھی ملاقات کرے گا۔ لاہور کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وفد راولپنڈی روانہ ہوگا۔

ٹرائی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ سے ہوگا۔ 20 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ جبکہ 22 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔

اس کے بعد سیریز لاہور منتقل ہوجائے گی جہاں 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ، 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا جبکہ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کا میچ ہوگا۔

ٹرائی سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں ٹاپ دو ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔