امریکا کے ڈیوڈ رش نے ایک گھنٹے میں سب سے زیادہ کاغذی جہاز بنانے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش (جن کے نام 200 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز ہیں) نے دارالحکومت بُوائز کے YMCA کے ریکٹ بال کورٹ میں ایک گھنٹے کے دوران 415 کاغذی جہاز تہہ کیے۔ اس طرح انہوں نے اوسطاً ہر جہاز صرف 8.67 سیکنڈ میں تیار کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے مقرر کردہ قواعد کے مطابق ہر جہاز کو سات مراحل میں تہہ کرنا ضروری تھا جبکہ اسے مقررہ فاصلہ طے کرتے ہوئے پرواز بھی کرنا تھی۔
ڈیوڈ رش کے مطابق اس کوشش کے دوران ان کی ٹیم کے معاونین کاغذ فراہم کرنے، تیار شدہ جہازوں کو تصدیق کے لیے مقررہ گواہوں تک پہنچانے اور جہازوں کو مطلوبہ فاصلے تک پھینکنے میں مدد کر رہے تھے۔
ڈیوڈ رش کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کے متعدد اعزازات رکھنے کے لیے جانا جاتا ہے اور وہ اپنے ریکارڈز کی تعداد میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔