اسلام آباد:
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رعایتی پیٹرول کی فراہمی شروع ہوگئی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے اس حوالے سے رات گئے پیٹرول پمپس کے اچانک دورے کیے جہاں انہوں نے عوام سے اسکیم کے حوالے سے براہِ راست گفتگو کی۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ آج سے ملک بھر میں فیول ریلیف اسکیم کا اجراء شروع ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے موقع پر موجود شہریوں کو رجسٹریشن اور ترتیب کے بارے میں تفصیل سے سمجھایا جبکہ انہوں نے انتظامیہ اور پیٹرول پمپ مالکان کو سخت ہدایات جاری کیں کہ پمپس کو پابند بنایا جائے اور شہریوں کو بلا تعطل سہولت فراہم کی جائے۔
انہوں نے رعایتی پیٹرول دینے میں تاخیر یا انکار کرنے والے پیٹرول پمپس کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی۔
دورے کے دوران اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور آئی ٹی وزارت کے سینیئر افسران بھی وفاقی وزیر کے ساتھ موجود تھے۔ پیٹرول پمپس پر موجود عوام نے پی ایم فیول ریلیف پروگرام اور وفاقی وزیر کے اس اقدام کو بھرپور سراہا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے 13 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں ریلیف دیتے ہوئے بائیک، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔
موٹر سائیکل، رکشا اور چنگچی سمیت دو پہیوں اور تین پہییوں والی سواریوں پر ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دیا جائے گا جبکہ چھوٹی گاڑیوں یعنی 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔