پشاور میں پولیس چوکی کے قریب بم دھماکا، دو اہلکاروں سمیت چار زخمی

دھماکے کے باعث پولیس چوکی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا


ویب ڈیسک September 16, 2026

پشاور:

پشاور کے فرنٹیر روڈ پر تھانہ متنی کی حدود میں سرہ خاورہ پولیس چوکی کے قریب نصب بم کے دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے چوکی کی دیوار کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری اور متعلقہ ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا۔

زخمیوں میں اے ایس آئی محمد عمر، کانسٹیبل سید عباس جبکہ دو شہری خالد اور عمران خان شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور زخمیوں کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی۔

سی سی پی او نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈاکٹروں کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس مشکل کی اس گھڑی میں زخمی اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔