کتابیں پڑھنے پر پیسے دینے والا ملک

پروگرام کے تحت 15 منٹ یا اس سے زیادہ مطالعہ کرنے پر روزانہ 20 ورچوئل سکے دیے جائیں گے


ویب ڈیسک September 16, 2026

سنگاپور نے شہریوں میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینے اور بڑھتے ہوئے ’ڈوم اسکرولنگ‘ کے رجحان کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک منفرد پروگرام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت روزانہ کم از کم 15 منٹ کتاب پڑھنے والے افراد کو پوائنٹس دیے جائیں گے جنہیں بعد ازاں رقم میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے اس گیمیفیکیشن پروگرام کا مقصد شہریوں میں توجہ مرکوز کرنے، تنقیدی سوچ اور تخیل کو فروغ دینا ہے۔

پروگرام کے تحت 15 منٹ یا اس سے زیادہ مطالعہ کرنے پر روزانہ 20 ورچوئل سکے دیے جائیں گے۔ ایک دن میں صرف ایک مطالعہ سیشن شمار ہوگا جبکہ 1000 سکوں کے عوض ایک سنگاپور ڈالر حاصل کیا جا سکے گا۔ اس طرح ایک ڈالر حاصل کرنے کے لیے 50 روزانہ کے مطالعہ سیشن مکمل کرنا ہوں گے۔

نیشنل لائبریری بورڈ کی سربراہ میلیسا ٹام کے مطابق مطالعے کی پائیدار عادت چھوٹے اور آسان اہداف سے قائم کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں معلومات، مواد اور تفریح کی غیر معمولی بہتات ہے جہاں لوگ کسی بھی وقت سیکڑوں سرخیاں دیکھ سکتے ہیں، ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں یا تقریباً ہر موضوع کا خلاصہ حاصل کر سکتے ہیں۔

میلیسا ٹام کا کہنا تھا کہ عادات چھوٹے مگر مستقل اقدامات سے بنتی ہیں، اسی لیے پروگرام کا آغاز روزانہ صرف 15 منٹ مطالعے کے سادہ ہدف سے کیا گیا ہے، خواہ یہ وقت بس میں سفر کے دوران، سونے سے پہلے یا کھانے کے وقفے میں ہی کیوں نہ ہو۔

سنگاپور کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسمارٹ فونز اور سوشل میڈیا پر مسلسل اسکرولنگ کے باعث لوگوں کے توجہ کے دورانیے اور گہرے مطالعے کی عادات کے بارے میں دنیا بھر میں بحث جاری ہے۔