اورنگی ٹاؤن میں غیرت کے نام پر نوجوان قتل، حملہ آور عوام کے تشدد سے مارا گیا

لڑکی کے بھائی نے ماموں اور ساتھی کے ساتھ ملکر عباس کو نشانہ بنایا، ماموں عوام کے تشدد سے ہلاک، دو ساتھی گرفتار


شاہ میر خان September 16, 2026

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پسند کی شادی پر نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا جبکہ عوام کے تشدد سے ملزم بھی موقع پر مارا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن دس نمبر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 25 سالہ عباس نامی شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص کوعوام نے پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور وہ موقع پر ہی مر گیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہوگیا۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ غیرت کے نام پر قتل ہے، مقتول عباس نےملزم کی بہن سے پسند کی شادی کی تھی، جس کو نشانہ بنانے کیلیے ایک ملزم اپنے ساتھی کے ساتھ پہنچا اور نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملزم اور ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ عوام کے تشدد سے ماموں دم توڑ گیا۔ 

واقعے میں مجموعی طور پر دو افراد مرے جن میں ایک کی شناخت عباس کے نام سے ہوئی جبکہ ملزم اور ساتھی کو پولیس نے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔