علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئر پورٹ سیکورٹی فورس کی بڑی ناکامی، بغیر ٹکٹ مسافر ڈیپارچر لاوئنج تک پہنچ گیا، مشتبہ شخص بغیر ٹکٹ، پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کے ایئرپورٹ کے مختلف سیکیورٹی مراحل عبور کرتے ہوئے ڈپارچر بریفنگ ایریا تک پہنچا، ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایئرپورٹ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص ایئرپورٹ لاؤنج کے اندر کافی دیر تک گھومتا پھرتا رہا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کو اس کے بغیر ٹکٹ اندر موجود ہونے کا بروقت علم نہ ہوسکا۔
ذرائع نے انکشاف کیا کہ مشتبہ شخص جب واپس باہر نکلنے لگا تو اے ایس ایف اہلکاروں کو شک ہوا اور چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ اس کے پاس سفر کے لیے کوئی ٹکٹ موجود نہیں بغیر ٹکٹ مسافر کا متعدد سیکیورٹی چیکنگ پوائنٹس عبور کرکے انٹرنیشنل ڈپارچر ایریا تک پہنچ جانا اے ایس ایف کے سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالیہ نشان بن گیا،اے ایس ایف نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا،واقعے کے بعد پولیس نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص سے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا، جس کی شناخت 35 سالہ احمد علی ولد محمد شہباز کے نام سے ہوئی ہے، پولیس کے مطابق احمد علی تحصیل پسرور، ضلع سیالکوٹ کا رہائشی ہے، مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے الزام میں احمد علی کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں پولیس کی مدعیت میں دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں کی انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے، انکوائری رپورٹ میں جس اہلکار یا ذمہ دار کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوگی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔