کراچی:
اورنگی ٹاون ایم پی آر کالونی مجیب گوٹھ میں داماد نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر سسر اور سالے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سالہ جاں بحق اور سسر شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے ایم پی آر کالونی مجیب گوٹھ ہاشمی مسجد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا، فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 22 سالہ زرولی خان ولد عبدالصمد اور زخمی شخص کی شناخت 62 سالہ عبدالصمد ولد عبدالقادر کے نام سے کی گئی، فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے آپس میں باپ بیٹا ہیں۔
ایچ ایس او اورنگی ٹاؤن خمیسو خان کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں حمید اور اکرام سمیت 4 ملزمان ملوث ہیں، فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزم حمید فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے عبدالصمد کا داماد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک سال قبل ملزم حمید نے عبدالصمد کی بیٹی کو گھر سے بھگا کر شادی کر لی تھی اور واقعے کے بعد عبدالصمد نے اپنے داماد پر مقدمہ بھی درج کروایا تھا جبکہ دو روز قبل داماد اور سسر کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ جمعرات کو داماد حمید اپنے ساتھی اکرام سمیت 4 سے زائد ملزمان کے ہمراہ آیا اور سسر اور سالے پر فائرنگ کرکے فرار ہوگیا جس کے نتیجے میں 22 سالہ زرولی خان زخمی ہونے کے بعد دوران علاج دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔