جوڈیشل مجسٹریٹ نے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی سے رقوم بیرون منتقل کرنے کے مقدمے میں یلو لائن منصوبے کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ملزم ضمیر عباسی کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے روبرو منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی سے رقوم بیرون منتقل کرنے کے مقدمے میں ایف آئی اے نے یلو لائن منصوبے کے سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ملزم ضمیر عباسی کو پیش کیا۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم ضمیر احمد عباسی نے 7 لائف انشورنس پالیسیوں کے پریمیم بھی ادا کیئے۔
ملزم ضمیر عباسی 24 غیر ملکی دوروں پر بیرون ملک بھی جاچکا ہے، جس کا ریکارڈ موجود ہے۔ ملزم ضمیر احمد عباسی کو قانون کے مطابق وضاحت کا موقع دیا گیا تھا۔ ملزم نوٹسز کے باوجود انکوائری میں شامل نہیں ہوئے۔
ملزم ضمیر احمد عباسی کے مالی معاملات، بینک اکاؤنٹس اور بیرون ملک سفر کا ریکارڈ تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا۔
ملزم کا 14 دن کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تفتیش کی جاسکے۔ ملزم کے ساتھیوں اور معاونت کرنے والوں کو گرفتارکرنا ہے۔ عدالت نے یلو لائن پروجیکٹ کے سابق ڈائریکٹر ضمیر عباسی کو 22 ستمبر تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی کے حوالے کردیا۔