گورنر کے پی کی درخواست پر پشاور سے کوئٹہ براہ راست پروازوں کا آغاز

نجی ایئرلائن کی پہلی فلائٹ 19 ستمبر کو پشاور سے کوئٹہ جائے گی، لاہور کیلیے بھی جلد پروازیں شروع ہونے کی خوشخبری


ویب ڈیسک September 17, 2026

پشاور اور کوئٹہ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے اور نجی ایئرلائن کی جانب سے پہلی فلائٹ 19 ستمبر کو اڑائی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ساؤتھ ایئرویز کی جانب سے پشاور سے کوئٹہ براہ راست سفری سہولت کیلیے پہلی پرواز 19 ستمبر کو پشاور سے رانہ ہوگی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور سے کوئٹہ براہ راست پرواز کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے عوام کیلیے خوش خبری قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ میری درخواست پر پشاور سے کوئٹہ براہ راست پرواز شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس پر میں اُن کا شکر گزار ہوں جبکہ جلد پشاور سے لاہور کیلیے بھی براہ راست پرواز کا سلسلہ شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نئی ایئرلائن بھی پشاور سے بین الاقوامی پروازوں کے آپریشن کے ساتھ آنے والی ہے، اس کے آغاز سے پشاور اور خیبرپختونخوا کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی۔