تعلیمی اداروں میں ہفتے میں تین دن کی چھٹی کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں سوشل میڈیا پر زیرگردش جعلی نوٹیفکیشن نے بچوں اور والدین کو چکرا کر رکھ دیا تاہم محکمہ تعلیم نے وضاحت کرتے ہوئے مذکورہ نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا۔
خیبرپختونخوا میں سوشل میڈیا پر پھیلایا گیا نوٹیفکیشن محکمہ تعلیم اورایڈمنسٹریشن کے ناموں سے جعلی دستخط سے جاری کیا گیا جبکہ محکمہ تعلیم کی طرف سے باقاعدہ وضاحت جاری کی گئی کے صوبائی حکومت یا حکومت کے احکامات کی روشنی میں کسی قسم کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔
وضاحت میں بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جس میں ہفتے میں تین دن تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہو، اس کے باوجود یہ سلسلہ تین روز سے جاری رہا۔
محکمہ تعلیم کی وضاحت کے بعد بھی سوشل میڈیا پر ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے نام سے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے بارے میں اعلامیہ پھیلایا گیا اور ایک مرتبہ پھر والدین اساتذہ اور بچوں کو گمراہ کیا گیا۔
بعد ازاں وفاقی حکومت کی طرف سے کفایت شعاری کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا، جس میں تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاتر کی ہفتے میں تین دن یعنی جمعہ ہفتہ اتوار کی تعطیلات کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ اس طرح کے جعلی اعلامیے سوشل میڈیا پر پھیلانا کوئی نئی بات نہیں ہے، جس پر حکومت اور اداروں کی طرف سے مذکورہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے والوں کے خلاف کارروائی کے حکم نامے بھی جاری کیے جاتے ہیں مگر آج تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔