جماعت اسلامی کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج، اسلام آباد مارچ کی حکمت عملی سامنے آگئی

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی زیرصدارت منصورہ میں مارچ کی حکمت عملی اور تیاری پر مشاورتی اجلاس ہوا


آصف محمود September 17, 2026
فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کا پیٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج جاری ہے اور اسلام آباد مارچ کی حکمت عملی سامنے آگئی ہے، جس کے تحت احتجاج کے اگلے مرحلے کے لیے دو تجاویز مرتب کی ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی صدارت میں اسلام آباد مارچ کی حکمت عملی اور تیاریوں سے متعلق مشاورتی اجلاس منصورہ میں ہوا، جس میں آئندہ لائحہ عمل سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے ذرائع کے مطابق اسلام آباد احتجاج کے لیے ایک پلان کے تحت کارکن 20 ستمبر کو اپنے اپنے شہروں سے اسلام آباد پہنچ کر مارچ کریں گے اور ڈی چوک پر دھرنا دیں گے جبکہ دوسرے پلان کے مطابق کراچی سے ٹرین مارچ کے ذریعے احتجاجی تحریک کے نئے مرحلے کا آغاز کیا جائے گا تاہم 20 ستمبر کو براہ راست اسلام آباد پہنچنے کے بجائے کراچی سے ٹرین مارچ کے ذریعے احتجاجی تحریک کے نئے مرحلے کا آغاز کرنے کی تجویز کو زیادہ پذیرائی ملی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ پلان کے تحت 20 ستمبر کو کراچی سے ٹرین مارچ شروع ہوگا جو لاہور پہنچے گا، ٹرین مارچ کے شرکا 22 ستمبر کو لاہور سے جماعت اسلامی کے کارکنوں اور قریبی اضلاع سے آنے والے کارکنوں کے ہمراہ جی ٹی روڈ کے راستے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے، قصور، پاکپتن، ملتان اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں سے کارکن لاہور پہنچیں گے، جہاں سے بڑا قافلہ اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم لیوی کے خلاف گزشتہ 33 روز سے لاہور، کراچی سمیت ملک بھر میں 40 مقامات پر دھرنے دے رہی ہے، جماعت اسلامی اس دوران ملک بھر میں سڑکیں بند کرنے اور ہڑتال بھی کرچکی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں سینئر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت عوام کو پیٹرولیم قیمتوں میں ریلیف دیتی اور پیٹرولیم لیوی میں نمایاں کمی کرتی ہے تو جماعت اسلامی کو احتجاج کا کوئی شوق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات بھی جاری ہیں تاہم حکومتی مشیروں کی کم علمی، ہٹ دھرمی اور بے حسی کے باعث جماعت اسلامی احتجاج پر مجبور ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جب تک عوامی دباؤ نہیں بڑھے گا، حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا احساس نہیں ہوگا۔