بھارت: میکے سے گھر واپس نہ آنے پر شوہر نے بیوی کی ناک کاٹ دی

شوہر مسلسل انہیں واپس گھر آنے کا کہہ رہا تھا مگر خاتون نے واپس جانے سے انکار کر دیا تھا۔


ویب ڈیسک September 18, 2026

بھارتی ریاست تلنگانہ میں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے نے خوفناک رخ اختیار کر لیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر بیوی کی ناک دانتوں سے کاٹ کر اسے شدید زخمی کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ضلع منچیریال کے علاقے کوٹاپلی میں پیش آیا۔ متاثرہ خاتون ممتا اور ان کے شوہر منی چندر کے درمیان کچھ عرصے سے ازدواجی اختلافات چل رہے تھے، جس کے باعث خاتون تقریباً 10 روز قبل شوہر کا گھر چھوڑ کر اپنے والدین کے ہاں آگئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق شوہر مسلسل انہیں واپس گھر آنے کا کہہ رہا تھا تاہم خاتون نے انکار کر دیا۔

Telangana Man Bites Off Wife's Nose After She Refuses To Return Home

واقعے کے روز ملزم اپنی اہلیہ کو واپس لے جانے کے لیے سسرال پہنچا جہاں اس کی خاتون کے والد سے تلخ کلامی ہو گئی۔ الزام ہے کہ اس نے پہلے اپنے سسر پر لکڑی کے ڈنڈے سے حملہ کر کے انہیں زخمی کر دیا۔

ممتا نے والد کو بچانے کی کوشش کی تو شوہر نے مبینہ طور پر ان پر بھی حملہ کر دیا اور ان کی ناک کو اتنی زور سے کاٹا کہ اس کا ایک حصہ الگ ہو گیا۔

پولیس کے مطابق شدید زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے ایم جی ایم اسپتال ورنگل منتقل کر دیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔