بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ایشیا کپ کی مینز اور ویمنز ٹرافیاں جلد حاصل کرنے کی امید دم توڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں اس وقت پاکستان میں موجود ہیں اور کہیں نہیں جا رہیں۔ گزشتہ برس بھارتی مینز ٹیم نے دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی جبکہ گزشتہ اتوار بھارتی ویمن ٹیم نے بھی کامیابی کے بعد ٹرافی وصول نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ٹرافیاں اے سی سی کے صدر محسن نقوی کے پاس ہیں اور انہیں حاصل کرنے کے لیے بھارت کو رضامندی ظاہر کرنا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق دونوں ٹرافیاں محسن نقوی ہی بھارت کے حوالے کریں گے۔
دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا تھا کہ ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں ایک دن ممبئی میں بی سی سی آئی کے ہیڈکوارٹر ضرور پہنچیں گی، تاہم انہوں نے ٹرافیوں کی واپسی کے لیے کوئی ٹائم لائن دینے سے گریز کیا تھا۔