بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف نے زچگی کے بعد جسم میں آنے والی تبدیلیوں اور خوبصورتی کے بدلتے تصور پر کھل کر بات کی ہے۔ حالیہ عرصے میں وزن بڑھنے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا کرنے والی اداکارہ نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی صحت اور ذاتی نگہداشت سے متعلق تجربات بیان کیے۔
کترینہ سے جب ماں بننے کے بعد اپنی نگہداشت کے انداز میں آنے والی تبدیلی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ حمل کے بعد ان کی جلد پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ حساس ہوگئی تھی۔ ان کے لیے یہ ایک مشکل مرحلہ تھا کیونکہ انہیں یہ سمجھنے کی ضرورت تھی کہ کون سی مصنوعات ان کی جلد کے لیے موزوں ہیں۔ اداکارہ کے مطابق وہ ایسی مصنوعات کی تلاش میں تھیں جو جلد کو سکون، ٹھنڈک اور بحالی کا احساس فراہم کرسکیں۔
فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور ’دھوم 3‘ کی اداکارہ نے خوبصورتی کے حوالے سے اپنے بدلتے ہوئے خیالات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے ماڈلنگ اور اداکاری سے کیریئر شروع کیا تو خوبصورتی کے بارے میں کئی دقیانوسی تصورات موجود تھے، تاہم وقت کے ساتھ ان کے نزدیک خوبصورت نظر آنے کا مفہوم بہت بدل گیا ہے۔
کترینہ کے مطابق اب ان کے لیے بہترین نظر آنے کا مطلب صرف ظاہری شخصیت نہیں بلکہ خود کو اندر سے بہتر اور صحت مند محسوس کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند غذا، جسم میں سوزش کو قابو میں رکھنا، متحرک رہنا اور مراقبہ کرنا ان کے معمول کا حصہ ہیں۔
اداکارہ نے اپنی روزمرہ زندگی کی ایک اور عادت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صبح ایک گھنٹہ فون سے دور رہنے اور صبح سویرے قدرتی روشنی حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ تمام عوامل اس بات پر اثر انداز ہوتے ہیں کہ وہ خود کو کیسا محسوس کرتی ہیں اور اس کا اثر بالآخر ان کی جلد پر بھی نظر آتا ہے۔
کترینہ کا کہنا تھا کہ جب انسان خود کو صحت مند محسوس کرتا ہے تو اس کا اعتماد بھی قدرتی طور پر ظاہری شخصیت میں دکھائی دینے لگتا ہے۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل نے دسمبر 2021 میں قریبی اہل خانہ اور دوستوں کی موجودگی میں شادی کی تھی۔ دونوں کے ہاں نومبر 2025 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام ویہان رکھا گیا ہے۔