کراچی:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نئی انتظامیہ نے ایئرلائن کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد تنظیم نو کرتے ہوئے نیا تنظیمی ڈھانچہ جاری کردیا ہے جس میں مختلف شعبوں کے سربراہان کے عہدوں، ذمہ داریوں اور رپورٹنگ لائنز میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نئے تنظیمی ڈھانچے میں چیف ایئر وردی نیس کا نیا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے جبکہ چیف ٹیکنیکل افسر کے عہدے کو تبدیل کرکے چیف آف مینٹنس کا عہدہ کردیا گیا ہے۔
نئے ڈھانچے کے تحت پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) بورڈ آف ڈائریکٹرز کو جوابدہ ہوں گے اور بورڈ کو رپورٹ کریں گے۔

جی ایم کارپوریٹ کمیونیکیشن اور برانڈ کی رپورٹنگ پہلے چیف کمرشل افسر کو ہوتی تھی تاہم نئے تنظیمی ڈھانچے میں دونوں کی رپورٹنگ براہ راست سی ای او کو کردی گئی ہے۔
اسی طرح اسپیشل اسسٹنٹ ٹیکنیکل، اسپیشل اسسٹنٹ کمپلائنس، جی ایم سیفٹی اور جی ایم گورنمنٹ افیئرز بھی براہ راست سی ای او کو رپورٹ کریں گے۔
نئے ڈھانچے کے مطابق چیف آپریٹنگ افسر کو جی ایم فیسلیٹیز مینجمنٹ، جی ایم پیسنجر ہینڈلنگ سروسز، جی ایم فوڈ، جی ایم ویجیلنس اور جی ایم ٹیکنیکل گراؤنڈ سروسز رپورٹ کریں گے۔
چیف فلائٹ آپریشن کے ماتحت چیف پائلٹ کریو ٹریننگ، چیف پائلٹ اسٹینڈرڈ انسپکشن، چیف پائلٹ ٹیکنیکل، چیف پائلٹ پلاننگ اینڈ شیڈولنگ، جی ایم فیول اور جی ایم کیبن آپریشن ہوں گے۔
چیف کمرشل افسر کو جی ایم پیسنجر سیلز سمیت 6 جنرل منیجرز رپورٹ کریں گے جبکہ چیف آف مینٹنس آپریشنز کے ماتحت چیف انجینئر لائن مینٹنس سمیت 5 چیف انجینئرز ہوں گے۔
نئے تنظیمی ڈھانچے میں چیف آف ایئر وردی نیس کے ماتحت چیف انجینئر ایئر وردی نیس سمیت 2 چیف انجینئرز کام کریں گے۔
چیف فنانشل افسر کے ماتحت جی ایم فنڈز، جی ایم ریونیو اکاؤنٹنگ اور جی ایم بجٹ ہوں گے جبکہ چیف کارپوریٹ افسر کو جی ایم اکنامک پلاننگ اور جی ایم فلیٹ پلاننگ رپورٹ کریں گے۔
چیف ہیومن ریسورس افسر کے ماتحت جی ایم ایچ آر، جی ایم او ڈی، جی ایم آر، جی ایم میڈیکل، جی ایم ایڈمن اور پرنسپل ٹریننگ سینٹر ہوں گے۔
چیف انفارمیشن افسر کے ماتحت جی ایم آئی ٹی آپریشن، جی ایم ڈیجیٹل اور جی ایم آئی ٹی انفراسٹرکچر کام کریں گے۔
اسی طرح چیف سپلائی چین کے ماتحت جی ایم پروکیورمنٹ، جی ایم سپلائی چین اور جی ایم کنٹریکٹ مینجمنٹ ہوں گے۔
نئے ڈھانچے میں چیف سینٹرل کنٹرول کے ماتحت جی ایم سینٹرل کنٹرول جبکہ چیف سیفٹی کے ماتحت چیف پائلٹ سیفٹی کام کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نئی انتظامیہ نے ایئرلائن کا ٹیک اوور کرنے کے بعد انتظامی امور کو نئے سرے سے ترتیب دیتے ہوئے تنظیمی ڈھانچہ جاری کیا ہے جس کے تحت مختلف شعبوں کے درمیان رپورٹنگ کا نظام بھی تبدیل کیا گیا ہے۔