کراچی:
ساؤتھ زون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کھارادر میں ڈکیتی کے دوران شہری معین اختر کے قتل میں ملوث ملزم محمد فیصل کو گرفتار کرلیا، جبکہ واردات میں ملوث دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق 9 ستمبر کو معین اختر اپنے بیٹے کے ہمراہ کمپنی کا چیک کیش کروا کر واپس جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے ان سے نقد رقم چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں معین اختر شدید زخمی ہوئے اور بعدازاں جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈاکس میں درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کی گئی۔ پولیس نے تکنیکی شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد فیصل واردات سے قبل بینک کے اندر گیا اور شہری کی نقل و حرکت پر نظر رکھی۔ بینک سے باہر آنے کے بعد اس نے ساتھی شاہ فیصل سے موٹر سائیکل لی اور خود چلائی، جبکہ شاہ فیصل پیچھے بیٹھا۔ رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر شاہ فیصل نے شہری پر فائرنگ کی۔
واردات کے بعد ملزمان چریا چوک، کسٹم ہاؤس، نیٹی جیٹی اور ماڑی پور روڈ سے سعید آباد فرار ہوئے۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، موٹر سائیکل اور چھینی گئی رقم میں سے 3 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان عادی مجرم ہیں اور متعدد مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے ہیں۔ دوسرے ملزم شاہ فیصل کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔