اسلام آباد:
وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے دو ماہ (جولائی اور اگست) کے دوران 23.60 فیصد تک اضافے کے ساتھ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر مالیت کا بیرونی قرضہ لیا گیا ہے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں 1.37 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی تھی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے لیے گئے قرضوں کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کو ملنے والا قرض 476 ارب روپے کے مساوی ہے، گزشتہ مالی سال اس مدت میں 391 ارب روپے کے مساوی قرض ملا تھا۔
اس عرصے کے دوران مختلف پراجیکٹس کے لیے 48.45 کروڑ، نان پراجیکٹ کی مد میں 1.21 ارب ملے۔
عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو 59 کروڑ ڈالر سے زیادہ قرضہ دیا۔ اسلامی ترقیاتی بینک نے 19.12 کروڑ ڈالر، عالمی بینک نے 23.84 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی پاکستان کو 9.57 ارب ڈالر قرض فراہم کیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق اس دوران مختلف ممالک نے 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر فراہم کیے، جس میں جرمنی نے 1.28 کروڑ ڈالر اور سعودی عرب نے 89 لاکھ ڈالر دیے۔
رواں مالی سال کے دوران اب تک چین نے پاکستان کو کوئی مالی معاونت نہیں دی جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ کی مد میں 62 کروڑ 97 لاکھ ڈالر قرض حاصل ہوا جبکہ غیر ملکی کمرشل بینکوں سے 30 کروڑ ڈالر قرض حاصل کیا گیا ہے۔