پی ٹی آئی احتجاج؛ اسلام آباد کو بند کرنے کے لیے ایک ہزار کنٹینر لگانے کا فیصلہ

22 ہزار اہلکار تعینات ہونگے، 15 ہزار پنجاب دو ہزار سندھ سے آئیں گے، اہلکاروں کے ناشتے و کھانے کیلئے انتظامات شروع


اسٹاف رپورٹر September 22, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد میں سکیورٹی پلان تشکیل دیا جانے لگا، صرف اسلام آباد میں 22 ہزار سے زائد اہلکار اور افسران تعینات کیے جائیں گے.

ذرائع کے مطابق 15 ہزار سے زائد پولیس اہلکار پنجاب، 2 ہزار سے زائد سندھ سے اسلام آباد پہنچیں گے، احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد کے مختلف داخلی و خارجی راستے بند کیے جائیں گے، ابتدائی طور پر ایک ہزار سے زائد کنٹینرز مختلف شاہراہوں اور راستوں پر لگائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق فیض آباد اور آئی نائن میں کنٹینرز پہنچنا شروع ہوگئے، متعدد کنٹینرز پہلے ہی کھڑے کر دیے گئے، کنٹینرز کو مختلف اہم راستوں پر لگا کر اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بند کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق سکیورٹی کے لیے آنے والے 22 ہزار اہلکاروں کے کھانے کے انتظامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں، اہلکاروں کے روزانہ کھانے کے لیے مختلف وینڈرز سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔