بلوچستان میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، خواتین و بچوں سمیت 103 افغان زیرِحراست

گرفتار افغان باشندے انسانی اسمگلروں کے ذریعے براستہ پاکستان، ایران اور یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے، ذرائع


ویب ڈیسک September 23, 2026

بلوچستان میں انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خواتین و بچوں سمیت 103 افغانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقے دانہ سر بائی پاس میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور خواتین و بچوں سمیت 103 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر میں حراست میں لیے گئے افغان باشندوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

گرفتار افغان باشندے انسانی اسمگلروں کے ذریعے براستہ پاکستان، ایران اور یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران حراست میں لیے جانے والے غیر قانونی افغان باشندوں کی تعداد 129 ہوچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرحدی علاقوں میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز غیر قانونی نقل و حرکت روکنے اور سرحدی علاقوں میں قانون کی عملداری یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔