کراچی : پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک، فائرنگ سے ذہنی معذور شخص قتل

فائرنگ کی زد میں آکر2 راہ گیر شہری بھی زخمی ہوگئے


اسٹاف رپورٹر September 23, 2026

کراچی:

اورنگی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے، فائرنگ کی زد میں آکر2 راہ گیر شہری بھی زخمی ہوگئے، نامعلوم افراد نے ذہنی معذور شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن نمبر 5 جمعہ ہوٹل کے قریب پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو شدید زخمی ہوگیا جبکہ 2 ڈاکو موقع سے فرار ہوگئے، پولیس اورڈاکوؤں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کی زد میں آکر2 راہ گیرشہری بھی زخمی ہوگئے۔

شدید زخمی ڈاکو اور زخمی شہریوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔  ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اسامہ ولد تسلیم کے نام سے کی گئی، پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکوکے قبضے سے ایک پستول، چھینے ہوئے 3 موبائل فونز اورموٹر سائیکل برآمد کرلی۔

 فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہونے والے راہ گیروں کی شناخت 15 سالہ عاقب ولد منصوراور27 سالہ احسن ولد محمد ریاض کے نام سے کی گئی۔ 

ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن خمیسو خان کے مطابق مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو اور اس کے ساتھی پاکستان بازار تھانے کی حدود سے ایک شہری سے اسلحے کے زور پر اس کی موٹر سائیکل اور موبائل فون چھین کر فرارہورہے تھے کہ اورنگی ٹاؤن نمبر5 جمعہ ہوٹل کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا ہوگیا۔

انہوں نے بتایاکہ مقابلے میں مارجانے والے ڈاکو کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آگیا،ہلاک ڈاکو مومن آباد ،نبی بخش اورسائٹ بی تھانے میں پولیس مقابلے، ڈکیتی وراہبری،موٹرسائیکل چھینے اورغیر قانونی اسلحے کے 4 مقدمات میں گرفتارہوکر جیل بھی جا چکا ہے۔

اورنگی ٹاؤن چاٹی ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ذہنی معذورشخص کو قتل کردیا۔ لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعےعباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، مقتول کی شناخت 30 سالہ محمد شاہ ولد زاہد شاہ کے نام سے کی گئی۔

ایس ایچ اوپیرآباد وسیم انیس نے بتایاکہ مقتول ذہنی توازن درست نہیں تھا اور وہ گلیوں محلوں میں گومتا پھرتا رہتا تھا، مقتول کو اس کے گھرسے کچھ فاصلے پرفائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

مقتول کے پاس موبائل فون اور پیسے موجود نہیں ہوتے تھے، مقتول کو نامعلوم ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر قتل کیا، پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بورپستول کے 2 خول بھی ملے ہیں جنہیں پولیس نے قبضے میں لے لیا۔