کراچی: ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص کا سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کار سوار سے جھگڑا، ویڈیوز وائرل

بغیر نمبر پلیٹ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص اور سیکیورٹی گارڈ کے خلاف تھانے میں درخواست جمع کرا دی گئی


اسٹاف رپورٹر September 23, 2026

کراچی:

شاہراہ بھٹو کے قریب بغیر نمبر پلیٹ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص کا سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کار سوار شہری سے جھگڑے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں ، بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑی اور سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے اسلحہ کی آزادانہ نمائش کے واقعے نے متعلقہ حکام پر کئی سوال اٹھا دیے، متاثرہ شہری آن لائن ٹیکسی کا ڈرائیور ہے جس کے ہمراہ خاتون مسافر بھی سوار تھی۔

 واقعہ بلوچ کالونی ایکسپریس وے سے شاہراہ بھٹو کی جانب جاتے ہوئے پیش آیا ، مسافر خاتون کے موبائل فون اور کار میں لگے ہوئے کیمرے نے جھگڑے کے واقعے کو محفوظ کرلیا جسے متاثرہ شہری نے پولیس کو فراہم کر دیا۔

بغیر نمبر پلیٹ کی سیاہ رنگ کی ڈبل کیبن گاڑی میں سوار شخص اور سیکیورٹی گارڈ سے جھگڑے کے حوالے سے شہری حمید سلطان نے کورنگی صنعتی ایری تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے جس میں انھوں نے بتایا کہ میں آن لائن ٹیکسی چلاتا ہوں میری گاڑی میں خاتون مسافر بھی سوار تھی 23 ستمبر کی دوپہر 3 بجے کے قریب میں شاہراہ بھٹو روڈ کی جانب جا رہا تھا کہ ایک سیاہ رنگ کا ریوو ڈالا جس کی نمبر پلیٹ بھی موجود نہیں تھی اس میں سوار 2 صورت شناس افراد بیٹھے ہوئے تھے جو تیز رفتاری میں میرے عقب آئے جس پر میں اپنی گاڑی سائیڈ پر کرلی اس کے بعد اس شخص نے اپنی گاڑی میری گاڑی کے آگے لگائی اور میرے ساتھ گالم گلوچ اور بدتمیزی کرنے لگا۔

 درخواست گزار کے مطابق میں گاڑی سے نیچے اترا تو اس شخص کا سیکیورٹی گارڈ بھی موجود تھا جس نے مجھ سے بدتمیزی کی اور گالیاں دیں جس پر میں نے اسے منع کیا تو انھوں نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں،  اس دوران 15 پر کال کی جس کے بعد اس شخص کے ہمراہ سکیورٹی گارڈ نے اپنے اسلحے سے میرے ہاتھ پر مارا جس سے ہاتھ زخمی ہوگیا۔

 درخواست گزار نے الزام عائد کیا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ نے مجھ پر براہ راست فائرنگ کی تاہم میں معجزانہ طور پر محفوظ رہا اور وہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

 درخواست گزار کے مطابق میرے پاس واقعے سے متعلق ویڈیوز موجود ہیں جبکہ اس حوالے سے کورنگی صنعتی ایریا پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہری کی جانب سے دی گئی درخواست اور واقعے کی ویڈیوز پولیس کو مل گئی ہیں جس پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

 جھگڑے کے دوران آن لائن ٹیکسی میں سوار مسافر خاتون کی جانب سے بھی موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو اور متاثرہ شہری کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے۔