کراچی؛ ڈکیتی مزاحمت پر پولیس اہلکار اور سیکیورٹی گارڈ زخمی

ڈاکو دونوں وارداتوں میں لوٹ مار کے ساتھ اسلحہ بھی چھین کر فرار ہوگئے، پولیس


منور خان September 24, 2026
فوٹو: پولیس

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن اور کورنگی سنگر چورنگی کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر پولیس اہلکار اور سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جبکہ لوٹ مار کی دونوں وارداتوں میں ڈاکو اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 22 بی صحافی چوک کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا، جس سے فوری پر طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا اور بعدازاں اسٹیڈیم روڈ پر قائم نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس اہلکار کی شناخت 27 سالہ فرمان اللہ کے نام سے ہوئی، جنہیں پیٹ، ہاتھ اور ٹانگ پر گولیاں لگی تھیں جبکہ واقعہ موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے۔

ایس ایچ او محمد علی شاہ نے بتایا کہ پولیس اہلکار فرمان اللہ سیکیورٹی ون کا اہلکار اور شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی ہے، موٹر سائیکل سوار ڈاکو ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس اہلکار نے جیسے ہی اپنا پستول نکالا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی اور اہلکار کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے ہیں جبکہ جائے وقوع سمیت دیگر مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔

ترجمان کورنگی پولیس کے مطابق کورنگی میں ڈاکوؤں نے اسلحہ چھیننے کے دوران مزاحمت پر گودام پر تعینات نجی کمپنی کے سیکیورٹی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، جنہیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ عوامی کالونی تھانے کی حدود سنگر چورنگی گودام کے قریب گودام پر تعینات نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ 26 سالہ سجاد محمد زمان کو ڈاکوؤں نے ریپیٹر چھیننے کے دوران مزاحمت پر اسے فائرنگ سے زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق  2 نامعلوم مسلح ڈاکو پیدل آئے اور سیکیورٹی گارڈ سے ریپیٹر گن چھیننے کی کوشش کی اور اس دوران کی جانے والی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا اور ریپیٹر چھین کر فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی فدا حسین جانوری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او عوامی کالونی کو واردات میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے واردات کی تفتیش کا عمل جاری ہے۔