کراچی:
سندھ ہائیکورٹ نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی 3 مقدمات میں بریت کیخلاف اپیلوں پر پراسکیوشن کو پولیس فائل جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں کوکین ڈیلر ملزمہ انمول عرف پنکی کی 3 مقدمات میں بریت کیخلاف پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی اپیلوں کی سماعت ہوئی۔
پراسیکیوشن نے پولیس فائل جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کرتے ہوئے موقف دیا کہ شریک ملزمان کی بریت سے ملزمہ کیخلاف الزامات ختم نہیں ہوجاتے۔
مقدمے میں التواء ملزمہ کی مفروری کی وجہ سے تھا۔ ملزمہ کیخلاف دیگر تھانوں میں بھی منشیات کے مقدمات درج ہیں، لہذا استدعا ہے کہ ملزمہ کی بریت کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے پراسکیوشن کو پولیس فائل جمع کرانے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے ملزمہ انمول عرف پنکی کو گزری تھانے کے 3 مقدمات میں بری کردیا تھا۔ ملزمہ کے خلاف 2022 میں مقدمات درج کیئے گئے تھے۔