میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے میکسیکو کو منشیات کی اسمگلنگ کا ’’مرکز‘‘ قرار دینے پر طنزیہ جواب دیا ہے۔
ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں میکسیکو پر کارٹلز کے خلاف مزید کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ میکسیکو کو اپنی سرزمین پر کارٹلز کا کنٹرول ختم کرنا چاہیے۔
اس کے جواب میں کلاڈیا شین بام نے کہا کہ وہ بھی امریکہ کے بارے میں یہ کہہ سکتی ہیں کہ ایسے ملک کے پڑوس میں رہنا بہت مشکل ہے جہاں غیرقانونی منشیات کا استعمال اتنا زیادہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ یہ بھی کہہ سکتی ہیں کہ امریکہ میں ہتھیاروں کی پیداوار بہت زیادہ ہے، لیکن وہ ایسا نہیں کہیں گی کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون جاری ہے۔
کلاڈیا کا اشارہ تھا کہ منشیات کا مسئلہ صرف میکسیکو تک محدود نہیں؛ امریکہ میں منشیات کی طلب اور وہاں سے میکسیکو کی طرف اسلحے کی ترسیل بھی سرحد پار جرائم کے مسئلے کا حصہ ہیں۔