ٹیلی کام ٹاورز کیلئے بجلی کے متبادل انتظامات کی چیکنگ کا آغاز  کردیا 

خصوصی ٹیمیں ان علاقوں میں جہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہوتی ہے، بیٹریوں، جنریٹرز اور سولر سسٹم کے نظام کو چیک کر رہی ہیں


ویب ڈیسک September 24, 2026

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل فون سروسز کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے  ٹیلی کام ٹاورز پر بجلی کے متبادل انتظامات کو چیک کرنے کا آغاز کر دیا۔

پی ٹی اے کے کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، ایبٹ آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد، اور مظفرآباد کے زونل دفاتر کی ٹیموں نے اپنے اپنے زونز کے شہری و دیہی علاقوں میں ٹاورز کو چیک کرنا شروع کر دیا ہے۔

خصوصی ٹیمیں ان علاقوں میں جہاں لوڈشیڈنگ زیادہ ہوتی ہے، بیٹریوں، جنریٹرز اور سولر سسٹم کے نظام کو چیک کر رہی ہیں تاکہ صارفین کو بلا تعطل ٹیلی کام خدمات فراہمی کا سلسلہ جاری رہے۔ 

منتخب مقامی نمائندے اور ان کے نامزد کردہ افراد بھی ٹیموں کے ہمراہ ہیں تاکہ ان مقامات کی نشاندہی کی جا سکے جہاں بجلی کی بندش کے دوران موبائل سگنلز کمزور ہو جاتے ہیں یا سروس دستیاب نہیں رہتی۔ چیئرمین پی ٹی اے، میجر جنرل (ریٹائرڈ )  حفیظ الرحمٰن، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارۂ امتیاز، نے زونل دفاتر کو یہ جائزہ باقاعدگی سے جاری رکھنے کی ہدایت کردی ہے۔ ‎