میر رضا جوڈیشل کمیشن کے سامنے میڈیکل بورڈ کی تبدیلی اور پولیس تفتیش کے حوالے سے اہم انکشافات

جسٹس عمر سیال نے بورڈ تبدیل کرنے، کراچی ماہرین کی جگہ حیدرآباد کے ڈاکٹرز شامل کرنے اور اختیارات سے متعلق سخت بازپرس کی


ناصر بٹ September 24, 2026

میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کے سامنے میڈیکل بورڈ کی تبدیلی اور پولیس تفتیش کے حوالے سے اہم انکشافات سامنے آگئے۔

جسٹس عمر سیال نے سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی اور اسپیشل سیکریٹری شہریار میمن سے رات گئے میڈیکل بورڈ تبدیل کرنے، کراچی کے ماہرین کی جگہ حیدرآباد کے ڈاکٹرز شامل کرنے اور اختیارات سے متعلق سخت بازپرس کی۔

ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کی تفتیش پر بھی کمیشن نے سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے کیس خراب کیا، آپ بھی مشکوک ہیں، ابتدائی 6 دنوں میں کیس خراب کیا گیا، سی سی ٹی وی، موبائل فون، اسمارٹ واچ اور کرائم سین سے متعلق شواہد کی مؤثر تفتیش نہیں ہوئی۔

کمیشن کے سامنے خودکشی اور مالی دباؤ کے بیانیے پر بھی تفصیلی جرح ہوئی، پولیس کی جانب سے نئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کی درخواست اور سپر میڈیکل بورڈ کا معاملہ بھی سامنے آیا۔

میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن کی کارروائی جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں ہوئی۔ فوکل پرسن نے کہا کہ کمیشن کی مدت میں توسیع سے متعلق درخواست موصول ہوچکی ہے۔

درخواست کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ہم بھی چاہتے ہیں کہ کمیشن جلد کارروائی مکمل کرلے۔ جسٹس عمر سیال نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن پیر تک امید ہے کارروائی مکمل کرلے گا۔ اس کے بعد رپورٹ لکھنے کا کام شروع کیا جائے گا۔

کمیشن نے سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی کو طلب کیا۔ جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ آپ کا نام دو گواہوں نے لیا تھا۔ آپ نے کب عہدہ سنبھالا؟ طاہر حسین سانگی نے کہا کہ فروری 2026 کو عہدہ سنبھالا تھا۔ 2005 سے مختلف عہدوں پر تعینات رہا ہوں۔ 5 اضلاع میں ڈپٹی کمشنر بھی رہا ہوں۔ 2005 میں کمیشن پاس کیا تھا۔

کمیشن نے پوچھا کہ ڈاکٹر اسامہ آپ کے ماتحت آتا ہے۔ طاہر حسین نے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ شیخ صحت کے ادارے کے اندر آتا ہے۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹر اسامہ نا صرف کمیشن کو متنازع بنا رہے ہیں، ان کے اقدامات محکمہ صحت کو بھی متنازع بنا رہے ہیں۔ ڈاکٹر اسامہ کو تو دیکھیں وہ کیا کررہے ہیں۔ کمیشن نے پوچھا کہ کیا آپ نے کبھی ان سے وضاحت طلب کی؟ڈاکٹر اسامہ نے اپنے بیان میں آپ کو بھی متنازع بنایا ہے۔ہم اس کی اجازت نہیں دے سکتے۔ کمیشن نے پوچھا قبر کشائی کس قانون کے تحت ہوتی ہے۔

طاہر حسین نے کہا کہ قبر کشائی سندھ میڈیکو لیگل ایکٹ کے تحت ہوتی ہیں۔ کمیشن نے پوچھا کہ کیا قبر کشائی کے میڈیکل بورڈ بنانے کا اختیار پولیس سرجن کے پاس ہے؟ سیکریٹری صحت نے کہا کہ ماضی میں ایسی مثالیں موجود ہیں جہاں عدالت نے ڈی جی ہیلتھ کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا ہے۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ ہم قبر کشائی کے میڈیکل بورڈ کا پوچھ رہے ہیں۔ آپ نے بہت چالاکی سے عدالت پر ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کی ہے، کوئی ایک فیصلہ دکھائیں۔ آپ کے یہ کوشش ناکام رہی ہے۔ أپ کو قبر کشائی سے متعلق قانون کا علم نہیں۔ آپ نے تین بار ذمہ داری عدالتوں پر ڈالنے کی کوشش کی۔

کمیشن نے پوچھا کہ کیا آپ نے اسپیشل سیکریٹری شہریار میمن کو میڈیکل بورڈ دوبارہ بنانے کی ہدایت کی؟ طاہر حسین نے کہا کہ میں نے ڈی جی ہیلتھ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ مجھے بتایا گیا کہ عدالتی آرڈر میں سیکریٹری صحت اور پولیس سرجن کو قبر کشائی کے لئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

کمیشن نے پوچھا کہ عدالتی آرڈر میں ایسا کیا لکھا تھا جس سے آپ کو پریشانی ہوئی؟ طاہر حسین نے کہا کہ ڈی جی ہیلتھ سروسز اور پولیس سرجن میڈیکل بورڈ کے معاملات دیکھتے ہیں۔ مجھے بتایا گیا کہ پولیس سرجن کے بورڈ میں سینیئر فرانزک ماہرین شامل نہیں۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے عدالتی حکم کو نظر انداز کیا جس میں میڈیکل بورڈ کی سربراہی پولیس سرجن کے پاس تھی۔ کمیشن نے پوچھا کہ کیا کراچی کے ماہرین قابل نہیں ہیں؟ طاہر حسین نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ کیا میڈیا پر ہائی لائیٹ ہے، میڈیکل بورڈ میں سینیئر ماہرین ہونے چاہیئے۔

پولیس سرجن کی ٹیم میں سرکاری ماہرین شامل تھے، شفافیت کے لئے بہتر لگا کہ آزاد ماہرین کو شامل کیا جائے۔ کمیشن نے پوچھا کہ آج سے پہلے کتنی بار ایسا ہوا کہ ایک رات پہلے میڈیکل بورڈ تبدیل کیا گیا ہو۔ طاہر حسین نے کہا کہ اپنے 21 برس کے کیریئر میں کبھی میڈیکل بورڈ قائم نہیں کیا ہے۔

کمیشن نے پوچھا کہ  آپ سیکریٹری ہیں، ذمہ داری آپ پر ہی آئے گی۔ آپ کی 6 اگست کو کسی سینیئر پولیس افسر سے میڈیکل بورڈ سے گفتگو ہوئی؟ طاہر حسین نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے بات ہوئی لیکن وہ میڈیکل بورڈ کے قیام سے متعلق نہیں تھی۔ کمیشن نے پوچھا کہ آپ نے میڈیا پر ہائی لائیٹ کے بعد مزید ممبران کو شامل کرنے کی اجازت دی۔

اہر حسین نے کہا کہ مجھے سے ڈی جی ہیلتھ نے تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ مزید ممبران کو شامل کرنے کی اجازت دی جائے۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ ڈی جی ہیلتھ نے اپنے بیان میں آپ سے منسوب کیا تھا۔ طاہر حسین نے کہا کہ اسپیشل سیکریٹری صحت کو کہا تھا کہ عدالتی احکامات کے مطابق شفافیت کے میڈیکل بورڈ میں تبدیلی کی جائے۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ یہ ہر کام میں اسپیشل سیکریٹری شہریار میمن کا نام آرہا ہے۔ طاہر حسین نے کہا کہ محکمہ صحت میں زیادہ تر کام اسپیشل سیکریٹری کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ کمیشن نے پوچھا کہ آپ کی توثیق پر میڈیکل بورڈ میں نئے ارکان کو شامل کیا گیا؟

طاہر حسین نے کہا کہ ارکان کی شمولیت کے لئے میری اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ میں کسی ارکان کو ذاتی طور پر نہیں جانتا۔

کمیشن نے کہا کہ ہم پوچھ رہے ہیں کیا آپ کو علم تھا؟ طاہر حسین نے کہا کہ جی مجھے علم تھا، مجھے آن بورڈ رکھا گیا۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ تمام بیوروکریٹس کا یہی ایکسکیوز ہوتا ہے کہ میرے پاس تو نیچے سے آیا تھا، میں نے صرف دستخط کئے، اس لیئے آپ لوگ نیب میں بھی یہی بیان دیتے ہیں کہ سب کچھ نیچے والوں نے کیا ہم نے تو صرف دستخط کیے۔

طاہر حسین نے کہا کہ ڈی جی ہیلتھ زیادہ بہتر جانتے ہیں ارکان کی قابلیت کے بارے میں۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ کراچی کے سارے ماہرین نکال کر حیدرآباد کے ڈاکٹرز شامل کرنے سے آپ کو مسئلہ نہیں ہوا؟ قانون میں مقامی ماہرین کو شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔

طاہر حسین نے کہا کہ نئے میڈیکل بورڈ میں سینیئر پروفیسرز کو شامل کیا گیا۔ کمیشن نے پوچھا کہ  پروفیسر نسیم یا ڈاکٹر فرح میں کیا خرابی تھی؟ نئے شامل کئے گئے ماہرین ان سے کیسے بہتر تھے؟ طاہر حسین نے کہا کہ  میں کسی بھی رکن کو ذاتی طور پر نہیں جانتا۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ حیدر آباد کا لنک شکوک و شبہات پیدا کررہا ہے۔ سابق ڈی جی نے بیان میں بتایا کہ انکو نام اسپیشل سیکریٹری نے دیئے تھے۔ سابق ڈی جی کے بیان کے مطابق آپ اور اسپیشل سیکریٹری نے میڈیکل بورڈ کو تبدیل کیا۔ مزید ارکان شامل کرنے کی اجازت کے بعد شفافیت کا مسئلہ حل ہوگیا تھا ؟ طاہر حسین نے کہا کہ قبر کشائی کے وقت فیملی کی عدم منظوری سے متعلق مجسٹریٹ نے بھی أگاہ کیا۔

کمیشن نے پوچھا کہ آپ بہت قابل افسر ہیں، ہمیں سمجھائیں آپ پر کس کا دباؤ تھا؟آپ عمومی طور پر رات ساڑھے 11 بجے تک کام کرتے ہیں؟ طاہر حسین نے کہا کہ بعض اوقات تاخیر بھی ہوجاتی ہے۔

جسٹس عمر سیال نے استفسار کیا کہ سنگل ایم ایل او کی رپورٹ یا آٹھ ڈاکٹر کی رپورٹ زیادہ درست یا بہتر ہوگی؟ طاہر حسین نے کہا کہ رپورٹ پر منحصر کرتا ہے۔ جسٹس عمر سیال نے اظہار حیرت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ایک ڈاکٹر کا تجربہ دو سال کا ہے، میڈیکل بورڈ کا مشترکہ تجربہ سو برسوں سے زیادہ ہے۔

طائر حسین نے کہا کہ عمومی طور پر تو میڈیکل بورڈ کی رپورٹ بہتر مانی جائے گی۔ کمیشن نے کہا کہ ہم آپ سے سیدھا سیدھا سوال کررہے ہیں۔ اس کیس میں سنگل ایم ایل او کی رپورٹ میڈیکل بورڈ پر حاوی ہوسکتی ہے؟

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ آپ کسی کو بچانے کی کوشش کیوں کر رہے مجھے سمجھ نہیں آرہا۔ آپ لوگوں کو کیوں ایسا لگ رہا تھا کہ جو لوگ آپ نے منتخب کئے ہیں وہ زیادہ بہتر ہیں۔ کمیشن نے سابق اسپیشل سیکریٹری اور موجودہ ڈی جی ہیلتھ سروسز شہریار  میمن کو طلب کرلیا۔

جسٹس عمر سیال نے استفسار کیا کہ اسپیشل سیکریٹری کیا ہوتا ہے؟ کون ان کی تقرری کرتا ہے؟ اسپیشل سیکریٹری شہر یار میمن نے کہا کہ اسپیشل سیکریٹری کی بنیادی ذمہ داری سیکریٹری کی معاونت ہوتا ہے۔

کمیشن نے کہا کہ ہمیں قانون بتائیں جس کے تحت اسپیشل سیکریٹری کو اتنے اختیارات دیکر تعینات کیا جاتا ہے۔ شہر یار نے کہا کہ کیڈر شیڈول میں یہ عہدہ موجود ہے۔ میرا تعلق پی اے ایس سے ہے۔ لیاقت یونیورسٹی سے ایم بی بی ایس کیا ہے۔

کمیشن نے پوچھا کہ لیاقت یونیورسٹی کا یہ کنکشن ہے۔ آپ نے رات گئے میڈیکل بورڈ کیوں تبدیل کیا؟ شہریار میمن نے کہا کہ میرا اختیار نہیں میڈیکل بورڈ تبدیل کرنے کا۔ ہمیں پولیس سرجن کے میڈیکل بورڈ کے قیام کا پتہ چلا۔ کمیشن نے پوچھا کہ پولیس سرجن کے میڈیکل بورڈ میں آپ کو کیا غلطیاں لگی؟ شہر یار نے کہا کہ میں نے ڈی جی ہیلتھ سے ازسرنو جائزہ لینے کا کہا تھا۔

کمیشن نے پوچھا کہ آپ نے کس اتھارٹی سے دوبارہ جائزہ لینے کا حکم دیا؟ آپ قانون سے بالا تھے جو دوبارہ جائزہ کا حکم دیا؟ شہریار نے کہا کہ عدالتی حکم سیکریٹری صحت کے لئے بھی تھا۔ جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ آپ کو پتہ تھا کہ آپ کو اختیار نہیں، میڈیکل بورڈ کے دوبارہ جائزہ کا حکم کیوں دیا؟ آپ سنیئر کے ہر غیر قانونی احکامات کو تسلیم کریں گے؟ کس کے کہنے پر آپ نے احکامات جاری کئے؟ شہریار نے کہا کہ ہم نے نیک نیتی کی بنیاد پر جائزہ لینے کی ہدایت کی تھے۔

جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ آپ نے سینیئر کو گمراہ کیا یا وہ بھی اس میں شامل تھے۔ آپ سیکریٹری صحت کی طرف عدالتوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہیں کریں۔ سیکریٹری صحت نے آپ کو کہا یا آپ نے انکو کہا، یہاں کوئی بتانے کو تیار نہیں۔ آپ کی مشترکہ ہدایت تھی میڈیکل بورڈ میں تبدیلی کی۔ آپ نے نئے میڈیکل بورڈ کے ارکان کے نام کیوں دیئے؟ شہریار نے کہا کہ ارکان کے نام ڈی جی ہیلتھ کی صرف سے دیئے تھے۔ کمیشن نے پوچھا کیا وہ کمیشن کے سامنے جھوٹ بول رہے تھے؟حیدرآباد کے ماہرین کو شامل کرنے کی کیا وجہ ہے؟ قانون پڑھیں قانون کیا کہتا ہے میڈیکل بورڈ کے قیام سے متعلق۔ شہریار نے کہا کہ قانون میں قریبی میڈیکل کالج کے ماہرین کو شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔

کمیشن نے پوچھا کہ اب بتائیں کراچی قریب ہے یا حیدر آباد؟پولیس سرجن کے بورڈ میں کیا خرابی تھی؟ شہر یار نے کہا کہ میری کوئی سفارشات نہیں تھی۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ آپ تو مکر ہی رہے ہیں، آپ کو لگا پہلا بورڈ تو ناکارہ ہے لہذا نیا بورڈ بنا دیتے ہیں۔ 6 اگست کو ڈی جی ہیلتھ سے کتنی بار رابطہ کیا؟ شہریار نے کہا کہ شام 5 سے 7 کے درمیان رابطہ ہوا تھا۔ کمیشن پوچھا کہ میڈیکل بورڈ کی تبدیلی میں آپ کو اتنی دلچسپی کیوں تھی؟ شہریار نے کہا کہ میں نے 7 جولائی 2026 کو ہیلتھ ڈپارٹمبٹ جوائن کیا۔

جسٹس عمر سیال نے کہا کہ کوئی ایک مثال دیں جب رات گئے میڈیکل بورڈ تبدیل کیا ہو۔ انکے بیان کے بعد انکی جگہ آپ کو ڈی جی ہیلتھ لگا دیا گیا۔ آپ کے علاوہ کوئی قابل افسر حکومت کو نہیں ملا؟ شہر یار نے کہا کہ بطور سول سرونٹ حکومتی احکامات ماننے کے پابند ہیں۔

اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ کیا یہ گواہ علی شاز میمن کو جانتے ہیں؟ کیا یہ  گواہ علی شاز کے بھائی اے ایس پی شاہ زیب کو جانتے ہیں؟ شہر یار نے کہا کہ اگر سول سروس کے ہیں تو شاید جانتا ہونگا۔ میں نے سی ایس ایس کی تیاری کروانے والوں کو پڑھاتا رہا ہوں، مجھے نہیں یاد اے ایس پی شاہ زیب کو کبھی پڑھایا یا نہیں۔

کمیشن نے پوچھا کہ کیا کسی پولیس افسر کا میڈیکل بورڈ کی تبدیلی سے کوئی تعلق ہے؟ شہریار نے کہا کہ میڈیکل بورڈ میں مزید ارکان شامل کرنے کی اجازت کے لیے میں نے کوئی ہدایت نہیں دی۔

کمیشن نے پوچھا کہ 6 اگست کو سندھ حکومت بہت ایکٹیو ہو گئی تھی۔ اتنی تیزی کبھی سڑکوں کی مرمت اور گٹروں کے لئے بھی دکھایا کریں، وہاں بھی لوگ مررہے ہوتے ہیں۔ میڈیکل بورڈ میں مزید ارکان شامل کرنے کی اجازت کا فیصلہ کس کا تھا؟ شہریار نے کہا کہ سیکریٹری آفس سے ڈی جی ہیلتھ کو فون گیا ہوگا، کس کی ہدایت تھی اسکا مجھے علم نہیں۔

کمیشن نے کہا کہ آپ جو کہہ رہے ہیں اس پر آپ کو خود یقین بھی ہے؟ اسی وجہ سے آپ اسپیشل سیکریٹری ہیں۔ آپ کی کالز ڈی جی ہیلتھ، پولیس افسران اور پولیس سرجن کو بھی کی گئی ہیں۔ شہریار نے کہا کہ مجھے مزید ارکان کی شمولیت سے متعلق میڈیا سے معلوم ہوا۔ ہماری تمام کوششیں نیک نیتی کی بنیاد پر تھیں۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ فیملی پر نا ڈالیں، فیملی کو خوش نہیں تھی آپ کے فیصلے سے۔ یہ لیاقت یونیورسٹی کا کیا معاملہ ہے؟ آپ بھی وہیں سے گریجویٹ ہیں، اے ایس پی شاہ زیب بھی وہیں سے گریجوئٹ ہیں۔ سابق ڈی جی ہیلتھ کو کیوں فارغ کیا گیا؟آپ کو تو اس کا انعام مل گیا ہے۔ کمیشن مجے سامنے بیان دے رہا رہا تھا وہ اور اسے ہٹادیا گیا۔ غیر قانونی طور پر میڈیکل بورڈ تبدیل کیا گیا۔ یہ آپ کے کیریئر میں آپکا پیچھا کرے گا۔ کیا سپر میڈیکل بورڈ بنایا جارہا ہے؟ شہریار نے کہا کہ ہمارے پاس ڈی آئی جی عامر فاروقی کی طرف سے درخواست آئی ہے۔ درخواست کا جائزہ لیکر فیصلہ کیا جائے گا۔ میڈیکو لیگل ایکٹ 2023 کے قانون کو بنیاد بنا کر درخواست دی گئی ہے۔

پولیس نے نئے میڈیکل بورڈ کی تشکیل کی درخواست دی ہے۔ کمیشن میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے تصدیق کردی۔ کمیشن نے ایس ایس پی ایس آئی یو سمیع اللہ سومرو کو طلب کرلیا۔ جسٹس عمر سیال نے استفسار کیا کہ آپ کو کب کیس کی تحقیقات اسائن ہوئی؟

سمیع اللہ سومرو نے کہا کہ 2 اگست کو مجھے کیس کی تحقیقات ملیں۔ میری ٹیم میں ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر اور ایسٹ انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی شامل تھے۔ 3 اگست کو سی پی ایل سی کے نمائندے بھی ٹیم میں شامل ہوئے۔ کمیشن نے پوچھا کہ پہلی اگست سے 9 اگست تک ایس ایس پی عثمان سدوزئی آزاد کشمیر میں تھے۔ ایس ایس پی نے کہا کہ  ایس آئی او ارشد جاوید اور تفتیشی افسر شبیر لغاری بھی ٹیم میں شامل ہوئے۔ کمیشن نے پوچھا کہ  فیملی کے بیانات کیوں ریکارڈ نہیں کئے گئے؟

سمیع اللہ سومرو نے کہا کہ مجھے 2 اگست کو تحقیقات ملی، تین اگست کو فیملی سے ملاقات کے لئے ایس ایس پی زبیر نذیر کو کہا۔ ایس ایس پی زبیر نذیر نے کہا کہ فیملی نے ملاقات سے انکار کیا۔ میر حسین نے کہا کہ مجھے تین اگست کو ایس ایس پی زبیر کی کوئی کال نہیں آئی۔ علیشباہ نے کہا کہ ایس ایس پی زبیر کی کال مجھے آئی تھی۔

3 اگست کو شام میں افسران سے فیملی کی ملاقات ہوئی تھی۔ سومرو نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم بننے سے پہلے ایس آئی او اور تفتیشی افسر تحقیقات کررہے تھے۔ ایس آئی او اور تفتیشی افسر کو بیان ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی تھے۔

کمیشن نے پوچھا کہ آپ نے فیملی کے بیانات ریکارڈ کرنا یقینی کیوں نہیں بنایا؟ ایس ایس پی نے کہا کہ ماتحت افسران میرے نہیں ایس ایس پی ایسٹ کے انتظامی کنٹرول میں ہیں۔

جسٹس عمر سیال  نے ریمارکس میں کہا کہ اس کے باوجود بھی فیملی کے بیانات ریکارڈ نہیں ہوئے۔ آپ ٹیم کے سربراہ تھے، آپ کی بات نا ماننے پر ان کیخلاف کوئی کارروائی کی؟بہت سے گواہان نے آپ نے منسوب بیان دیا کہ میر رضا نے قرض یا دباؤ میں خودکشی کی۔ آپ کو کیا وحی آئی، فیملی کا بیان تو آپ نے ریکارڈ کیا نہیں تھا؟ سومرو نے کہا کہ فیملی سے پہلی ملاقات میں والد نے پوچھا کہ آپ کو خودکشی کے علاوہ کیا لگا؟

کمیشن نے پوچھا کہ آپ میڈیا کو کس بنیاد خودکشی کا بیان کیوں دیا؟ سومرو نے کہا کہ فیملی دشمنی سے متعلق سوالات پر جذباتی  ہوگئی تھی۔ میں نے کبھی میڈیا پر ایسا بیان نہیں دیا۔ 6 اگست کو کسی صحافی سے گفتگو کی تھی۔

کمیشن نے پوچھا کہ مالی دباؤ کا بیانیہ آپ کی طرف سے ہی شروع کیا گیا۔ سمیع اللہ نے کہا کہ میر رضا کے دوستوں اور پارٹر کے بیانات ریکارڈ ہوچکے تھے۔ انہوں نے بیانات میں مالی دباؤ کا ذکر کیا تھا۔ 3 اگست کو ایم ایل او ڈاکٹر اسامہ کا بیان بھی ریکارڈ ہوچکا تھا۔ 2 اگست تک 30 سی سی ٹی ویز بھی حاصل ہوچکی تھے۔

کمیشن نے پوچھا کہ 2 اگست کو آپ نے چارج سنبھالا اور آپ کو مناسب لگا کہ فورا صحافی کو رائے کا اظہار کرنا چاہیئے۔ سومرو نے کہا کہ صحافی کو بتایا تھا کہ شواہد کے مطابق خودکشی کے خدشات ہیں۔ جبران ناصر نے کہا کہ  ڈاکٹر اسامہ کا انٹرویو کیا تھا تو وہ بیان کہاں ہے؟

سومرو نے کہا کہ جے پی ایم سی میں ڈاکٹر اسامہ سے ملاقات کی تھی، باضابطہ انٹرویو نہیں تھا۔ بیان ریکارڈ کرنا تفتیشی افسر کی ذمہ داری ہے۔ جبران ناصر نے کہا کہ ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو نے نیوز رپورٹ میں جو تفصیلات دی ان کے بیان تب تک ریکارڈ ہی نہیں ہوئے تھے۔ سومرو نے کہا کہ تب تک صارم کا بھی انٹرویو ریکارڈ ہوچکا تھا۔ جبران نے کہا کہ صارم کا بیان سترہ اگست کو ریکارڈ کیا گیا۔ سمیع اللہ سومرو نے کہا کہ  میرے چارج سنبھالنے سے پہلے بھی معلومات جمع کی جاچکی تھی۔ صارم کا انٹریو کیا گیا تھا لیکن بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا تھا۔

کمیشن نے پوچھا کہ فیملی سے کتنی بار ملاقات ہوئی؟ سومرو نے کہا کہ اب تک تین اگست کو ایک بار ملاقات ہوئی۔ کمیشن نے پوچھا کہ کیا آپ کے ماتحت افسران فیملی کو خودکشی بتا رہے، کیا یہ مناسب تھا؟ سومرو نے کہا کہ مجھے اس کا علم نہیں۔

کمیشن نے پوچھا کہ  چارج سنبھالنے کے بعد آپ پہلے تفتیشی افسر شبیر لغاری کی کارگردگی سے مطمئن تھے؟ سومرو نے کہا کہ  میں نے ان سے پوچھا تھا، انہوں نے بتایا کہ بظاہر خودکشی کا کیس ہے۔ اگر تفتیشی افسر کی کارگردگی سے مطمئن ہوتا تو کرائم سین کا خود دورہ یا فیملی سے نہیں ملتے۔ کمیشن نے پوچھا کہ اگر آپ غیر مطمئن تھے پھر بھی وہی تفتیشی افسر کیس میں شامل رہے۔ سومرو نے کہا کہ میرے پاس 6 دن تک کیس کی تحقیقات رہیں۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ یہی 6 دن ہیں جب کیس خراب کیا گیا۔ سی سی ٹی وی کو محفوظ کرنے کے لئے کیا کیا گیا؟ کون کون سے اہم سڑکوں پر سی سی ٹی وی موجود تھے؟ نقشے کے مطابق وہاں 9 گلیاں ہیں، آپ نے کتنی گلیوں کی سی سی ٹی وی آپ نے لی؟ سومرو نے کہا کہ صرف ایک گلی کا سی سی ٹی وی دیکھا جس میں میر رضا جاتا نظر آرہا ہے۔

کمیشن نے کہا کہ جائے وقوعہ کے اطراف 52 کیمرے موجود تھے۔ جبران ناصر نے کہا کہ اطراف میں 85 کیمرے لگے ہیں۔ فیملی اور میری ٹیم سے تمام گلیوں کے کیمروں کی فہرست بنائی ہے۔ سومرو نے کہا کہ مجھے علم نہیں ایس ایس پی ایسٹ کی ٹیم سی سی ٹی وی جمع کررہی تھی۔ جسٹز عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو علم نہیں کہ جتنی دیر گزرے گی فوٹیج ملنے کا امکان کم ہوتا جائے گا۔ ایک فوٹیج جو آپ کے کام کی تھی اس کے بعد آپ نے مزید کی تلاش ہی نہیں کی۔ آپ سربراہ تھے ٹیم کے۔ سومرو نے کہا کہ 30 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز جمع کی تھی۔

جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ میمو کہاں ہیں؟ آپ ہمیں سی سی ٹی وی اور میموز فراہم کریں گے۔ اگر کوئی غلطی کی ہے تو تسلیم کریں۔ آپ بہت پراعتماد ہیں لیکن آپ کا کام کچھ نہیں ہے۔ ہم پر احسان نہیں کریں، اگر آپ جانا چاہتے ہیں تو چلے جائیں۔ سب کچھ آپ ایس آئی او اور تفتیشی افسر پر ڈال رہیں۔ آپ ایس ایس پی ہیں، خیال کریں آپ کا کیریئر یہیں ختم نا ہوجائے۔ سومرو نے کہا کہ ایس ایس پی ایسٹ آفس کے کاشف اور فیروز آباد کے نعمان سی سی ٹی وی جمع کررہے تھے۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی سی سی ٹی ویز کی حقیقت یہ ہے کہ ایس ایچ او عدیل افضال نے فون سے ریکارڈ کرکے بھیجے اور آپ نے اسے صحیفہ مان لیا۔ ایک وڈیو میڈیا کو دی گئی جس میں میر رضا کچھ پھینک رہا ہے اور کہا گیا کہ وہ اپنا فون پھینک رہا ہے۔ سومرو نے کہا کہ سی سی ٹی وی دیکھی ہے لیکن کنفرم نہیں کہہ سکتا کہ فون تھا۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ ماتحت افسران سے کبھی پوچھا کہ فون اٹھاتے ہوئے کی وڈیو کہاں ہے؟ پولیس کے مطابق میر رضا کا فون سجاد نامی شخص سے موبائل ملا۔ سومرو نے کہا کہ میں نے انٹرویوز کئے لیکن ان کے نام نہیں معلوم۔

کمیشن نے پوچھا کہ کیا یہ معمول کا طریقہ ہے یا قانونی طور پر بیانات ریکارڈ کئے جانے چاہیئے؟ موبائل فون نالے سے ملا تو شادی ہال کے قریب سے ملنے کا بیانیہ کیوں بنایا گیا؟پوری دنیا خودکشی کو بیانیہ چلا رہے تھے آپ نے تصحیح کیوں نہیں کی؟ ہم نے کل بھی آئی جی سندھ سے فوکل پرسن مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ آپ کے علم نہیں ہے کہ فون کی ریکوری کا میمو اے ایس آئی فیصل رحیم نے بنایا۔ فیصل رحیم کا بیان ریکارڈ کیا گیا؟ سومرو نے کہا کہ میں نے نا فون دیکھا نا اے ایس آئی فیصل رحیم کو دیکھا۔ میرے چارج سنبھالنے سے پہلے ہی موبائل فون سی ٹی ڈی کو بھیجا جاچکا تھا؟

کمیشن نے پوچھا کہ کیا کوئی ثبوت ہے کہ فون سی ٹی ڈی کو بھیجا گیا؟ کیا کوئی دستاویزی کارروائی کی جاتی ہے؟ سومرو نے کہا کہ بھیجنے والے اور وصول کرنے والے کے بیانات ریکارڈ کئے جاتے ہیں۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ اتنے اہم شواہد کے ساتھ آپ لوگ کھیل رہے تھے۔ کیا پولیس نے فون کو ان لاک کرنے کی کوشش میں بلاک کیا؟ سومرو نے کہا کہ ہماری ٹیم کی جانب سے ایسی کوئی کوشش نہیں کی گئی، ممکن ہے سی ٹی ڈی کی جانب سے کوشش کی گئی ہو۔

کمیشن نے پوچھا کہ میر رضا کی اسمارٹ واچ کب ضبط کی گئی؟ سومرو نے کہا کہ اسمارٹ واچ میرے چارج سنبھال لینے سے پہلے ہی ضبط ہوچکی تھی۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ ایس ایچ او عدیل افضال نے کہا کہ واچ آپ کو دی۔ سومرو نے کہا کہ میں نے نا فون دیکھا یا واچ دیکھی۔

جسٹس عمر سیال نے استفسار کیا کہ آپ کے ماتحت افسران اتنا جھوٹ بول رہے ہیں، کسی کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سومرو نے کہا کہ افسران میرے انتظامی دائرہ اختیار میں نہیں تھے۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو آپ بہانا بنا رہے ہیں، آپ کارروائی کی سفارش کرسکتے تھے۔

جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ آپ کو علم ہی نہیں واچ کب ضبط کی گئی کب فرانزک کے لئے بھیجی گئی۔ 5 اگست کو اے آئی جی نے میٹنگ میں اسمارٹ واچ کے اسکرین شاٹس دکھا رہے تھے، آپ کو کچھ علم ہی نہیں۔ سومرو نے کہا کہ ایڈیشل آئی جی نے مجھے اس حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارلس دیئے کہ آپ کو کس ایڈیٹ نے تفتیشی ٹیم کا سربراہ بنایا بتایئے۔ مجھے اے آئی جی نے بنایا۔ کمیشن نے پوچھا کہ ایس ایس پی علی رضا نے 11 اگست کو اسمارٹ واچ سے متعلق کال کی تھی؟ سومرو نے کہا کہ میں نے بتایا کہ مجھے علم نہیں اور فون ایس ایس پی زبیر کو دیا جنہوں نے مزید بات کی اور بتایا کہ واچ انکے پاس ہے۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس میں کہا کہ آپ ٹیم کے سربراہ تھے اور واچ دوسرے رکن کے پاس تھی۔ ہم بھی یہی پوچھ رہے کہ آپ کو تحقیقات کس نے دی، آپ ایک ناکارہ تفتیشی افسر ہیں۔ آپ کی بات پر کون یقین کرے گا۔ آپ کو یہ بھی معلوم نہیں ہوگا کہ 31 جولائی کو آئی کلاؤڈ میں رسائی کس نے کی؟ کرائم سین سے ہولسٹر برآمدگی کا علم ہے؟ سومرو نے کہا کہ 31 جولائی کو میری تقرری سے پہلے ریکور ہوا تھا لیکن مجھے علم ہے۔ جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ 29 جولائی کو باڈی ملی، ہولسٹر 31 جولائی کو ملا، آپ نے کسی سے پوچھا نہیں کہ دو دن یہاں ہولسٹر موجود تھا کیوں نہیں ملا؟ سومرو نے کہا کہ ہولسٹر باڈی ملنے والے دن ہی مل جانا چاہیئے تھا اگر صحیح سے چیک کیا جاتا۔

جسٹس عمر سیال نے کہا کہ 100 بندہ وہاں سرچ کررہا تھا ہولسٹر کسی کو نہیں ملا۔ کوئی شواہد چھپا رہا تھا یا بنا رہا تھا، آپ کو نہیں پتہ، ایسی تحقیقات پر سندھ پولیس کے علاوہ کون بھروسہ کرے گا۔ آپ نے کرائم سین کو جلانے کی ہدایت کی؟ سومرو نے کہا کہ ہمیں خول نہیں مل رہا تھا، خول 6 اگست کو ملا۔ کرائم سین کو تفصیلی سرچ کرنے کا حکم دیا تھا۔ وہاں موجود اہلکاروں نے خود سے جلانے کا فیصلہ کیا۔ 

کمیشن نے کہا کہ ہمیں فیصلہ لینے والے کا نام بتائیں ہم اپنی رپورٹ میں سخت ہدایات دینگے۔ سومرو نے کہا کہ ایس آئی یو کے انسپکٹر غوث نے جھاڑیوں کو جلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جھاڑیاں جلانے کے باوجود خول نہیں مل سکا تھا۔ 6 اگست کو ایک اور 40 رکنی ٹیم  نے سرچ کے دوران خول ڈھونڈا۔

کمیشن نے کہا کہ آپ کے تجربے سے بتائیں کیا کرائم سین جلایا جاتا ہے؟ سومرو نے کہا کہ کرائم سین سے 50 فٹ دور جھاڑیوں کو جلایا گیا تھا۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور میر مرتضی بھٹو کے کیسز میں بھی کرائم سین صاف کردیا گیا تھا۔کرائم سین جلانے والے کو ملزم کیوں نہیں بنایا گیا؟ سومرو نے کہا کہ ہم سے تحقیقات لے لی گئی تھی۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ آپ نے کیس خراب کیا، آپ بھی مشکوک ہیں۔ آپ کی کرائم سین سے ریکوری زیرو ہگئی، کوئی عدالت ان کو تسلیم نہیں کرے گ۔ کیا دانستہ طور پر کمزور تفتیشی افسران مقرر کئے گئے؟ تفتیشی افسران کے مطابق 33 میں سے 23 بیانات کسی اور نے ریکارڈ کئے اور تفتیشی افسر نے صرف دستخط کئے۔ سومرو نے کہا کہ یہ خلاف ضابطہ ہے، تفتیشی افسر کو بیانات خود ریکارڈ کرنے چاہیئے۔

جسٹس عمر سیال  نے کہا کہ یہ بیان کون ریکارڈ کررہا تھا؟ یہ اب کھل کر سامنے آرہے ہیں، غریب کے ساتھ آپ لوگ کیا کرتے ہونگے، تباہی مچا دیتے ہوں گے۔ ہماری نظر میں آپ بہت قابل افسر تھے۔ ہم نے آپ کے بارے میں بہت معلومات لی ہیں۔ ہم پتھروں کے نیچے نہیں رہتے۔ سومرو نے کہا کہ میرے 18 سالہ کیریئر میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ چھ روز کے دوران دو پوسٹ مارٹم ہوئے ہوں۔

جسٹس عمر سیال نے کہا کہ آپ جیسا افسر جب ایسے کام کرتا ہے تو لگتا کہ کسی کا دباؤ ہے۔ آپ کسی کے دباؤ میں ہیں لیکن آپ بتا نہیں رہے۔ میر رضا کے رقم مانگنے کے اسکرین شاٹس کا آپ کو علم ہے؟ سونرو نے کہا کہ میں نے صارم کا تین اگست کو انٹریو کیا تھا۔

کمیشن نے کہا کہ صارم نے بیان میں بتایا تھا کہ گفتگو کا مزید ریکارڈ بھی پولیس کو دیا تھا۔ وہ تفصیلات آپ تک نہیں پہنچی؟ سومرو نے کہا کہ میں نے صرف رقم والا اسکرین شاٹ دیکھا تھا۔ میں نے صارم کو بیان ریکارڈ نہیں کیا۔صارم کا بیان 17 اگست کو ریکارڈ کیا گیا۔ جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ انگریزی اخبار میں کسی احمد راجہ سے 80 لاکھ روپے کا ذکر ہے، وہ کون ہے؟ سومرو نے کہا کہ ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا تھا شائد واچ سے معلومات ملی تھی۔

کمیشن نے کہا کہ 3 کروڑ کا اسکرین شاٹ میڈیا پر کیسے لیک ہوا؟ سومرو نے کہا کہ اسکرین شارٹ ایس ایس پی ایسٹ نے مجھے بھیجا، انکو ایس ایچ او فیروز آباد نے بھیجا تھا۔ کمیشن نے کہا کہ علی شاز کا وائس نوٹ اے ایس پی ندا نے آپ کو بھیجا۔ سومرو نے کہا کہ مجھے علم نہیں انہوں نے کسی اور کو بھیجا یا نہیں۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ علی شاز کہتا ہے کہ وائس نوٹ اے ایس پی ندا کو بھیجا۔ اے ایس پی ندا نے وہ آپ کو بھیجا۔ کیا کوئی جن ہیں جنہوں نے میڈیا کو وائس نوٹ بھیجا۔ سومرو نے کہا کہ اے ایس پی ندا نے بتایا کہ علی شاز نے مزید بیس افراد کو لانے کا کہا جن سے میر رضا نے پیسے مانگے۔

جسٹس عمر سیال نے کہا کہ  علی شاز کی تحقیقات اور قرض کے بیانیہ میں شمولیت رہی ہے۔ علی شاز کا بیان 24 اگست تک کسی نے ریکارڈ نہیں کیا۔ اے ایس پی ندا نے صرف ایک اسکرین شاٹ آپکو بھیجا، نا آگے کا پتہ نا پیچھے کا۔ اے ایس پی ندا نے آپ کو بس کے نیچے پھینک دیا۔ علی شاز اتنے اچھے دوست تھے کہ باڈی ملنے کے دن باکو چلے گئے۔ انکے بھائی اے ایس پی لاہور شاہ زیب فیروز آباد پولیس اسٹیشن کے آس پاس گھومتے رہے۔ 8 ماہ پرانا وائس نوٹ آپ کو بھیج کر آپ پر لیک کرنے کا الزام لگایا گیا۔ سومرو نے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ وائس نوٹ 8 ماہ پرانا ہے۔

کمیشن نے پوچھا کہ آپ کو کیس کبھی بلیک میلنگ یا مالی دباؤ کا نتیجہ لگا؟ سومرو نے کہا کہ میر رضا کے دوستوں نے بیان دیا تھا کہ تقریبا 9 ماہ پہلے فیملی مالی دباؤ کا شکار تھی۔ تحقیقات میں بلیک میلنگ یا بھتے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

کمیشن نے پوچھا کہ تحقیقات میں کرپٹو ٹریڈنگ کے نقصانات سے متعلق کچھ معلومات ملی؟ سومرو نے کہا کہ نفع یا نقصان سے متعلق تو نہیں البتہ کرپٹو ٹریڈنگ کی معلومات دوستوں سے ملی تھیں۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ اے ایس پی ندا کا کیس سے کچھ لینا دینا نہیں تھا، انکو کیس میں ہر جگہ لے جانا ہمیں عجیب لگا۔ سومرو نے کہا کہ صرف منگیتر سے گفتگو کے دوران بطور خاتون افسر مقرر کیا تھا۔

جسٹس عمر سیال نے کہا کہ آپ نے اے ایس پی ندا کو خواتین سے گفتگو کے علاوہ کوئی اور ٹاسک دیا۔  سومرو نے کہا کہ انٹرویوز میں وہ ہمارے ساتھ تھیں لیکن کوئی مخصوص ٹاسک نہیں دیا تھا۔

جسٹس عمر سیال نے کہا کہ ان کو آپ کیوں لیکر گھوم رہے تھے، لوگوں سے شواہد بھی لیکر دے رہی، این سی سی آئی اے کے پاس بھی گئیں، پولیس سرجن سے میٹنگ میں بھی موجود تھیں۔ ایسا لگتا ہے وہ سب پر نظر رکھنے کے لئے موجود تھیں۔ سومرو نے کہا کہ 4 اگست کو ایڈیشنل آئی جی کال آئی کہ پولیس سرجن کو پوسٹ مارٹم سے متعلق کوئی تحفظات ہیں۔

پولیس سرجن سے 5 اگست کو ملاقات کی۔ملاقات میں ایس ایس پی زبیر نذیر اور اے ایس پی ندا بھی شریک تھیں۔ مجھے تب تک اے ایس پی ندا کا علیبشاز اور اے ایس پی لاہور شاہ زیب سے کنکشن کا معلوم نہیں تھا۔ 4 اگست کو پولیس سرجن سے بات کی، اسی رات وہ ٹی وی پروگرام میں شریک تھیں اور تحفظات بتا رہی تھیں۔ میٹنگ میں ہم نے قبر کشائی کی بات کی، فیملی کو پولیس پر اعتماد نہیں تھا تو پولیس سرجن سے کہا کہ فیملی کی اجازت کے بغیر قبر کشائی نہیں ہوسکتی۔

جسٹس عمر سیال نے کہا کہ فیملی نے عدم اعتماد کا نہیں کہا، کس نے آپ کو کہا کہ فیملی کو اعتماد نہیں۔ سومرو نے کہا کہ پہلی ملاقات میں والد کے بیان اور والدہ کی ڈانٹ سے تاثر ملا۔ والہ مریم نے کہا کہ ہمارا بھروسہ ایس ایچ او عدیل افضال پر نہیں تھا جو پہلے دن سے خودکشی کا بیانیہ بنا رہے تھے، ہمیں پولیس پر بھروسہ تھا۔

جبران ناصر نے کہا کہ پولیس کے پاس قبر کشائی کی درخواست کا اختیار ہے۔ پولیس خود بھی قبر کشائی کی درخواست دے سکتی تھی۔ سومرو نے کہا کہ جیو فینسنگ کے لیے 31 جولائی کو لکھا گیا تھا۔ جیو فینسنگ میں وقت لگتا ہے۔ جب تک تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ تھا تب تک رپورٹ نہیں آئی تھی۔

کمیشن نے پوچھا کہ کیا آج تک جیو فینسنگ کی رپورٹ نہیں آئی؟ سومرو نے کہا کہ مجھے علم نہیں۔ جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ آپ نے سی سی ٹی وی میں نظر آنے والی گاڑیوں یا لوگوں سے متعلق کوئی تحقیقات نہیں کی، صحافیوں نے عمدہ طریقے سے تحقیقات کی ہے۔ سومرو نے کہا کہ چارج سنبھالنے سے پہلے ایس ایس پی ایسٹ نے تحقیقات کی تھی۔ ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔

جسٹس عمر سیال نے پوچھا کہ آپ کو گیسٹ ہاؤس ملازمین مشکوک نہیں لگے؟ آپ کا ایس ایچ او گیسٹ ہاؤس سے پیسے لیتے رہے، اس کیخلاف کارروائی ہونی چاہیئے تھی۔ اسی علاقے میں ایسے اور بھی بہت سے گیسٹ ہاؤس ہیں، جہاں غیر اخلاقی سرگرمیاں ہوتی ہیں۔

جبران ناصر نے کہا کہ سی سی ٹی وی میں نظر آنے والی 5 افراد میں سے صرف سے تفتیش کی، ایک عمر کوٹ بھاگ گیا تھا۔ سومرو نے کہا کہ چار سے تفتیش میں کچھ مشکوک نہیں ملا۔ کمیشن نے کہا کہ ہوسکتا ہے پانچواں بندا مشکوک ہوگا، اس سے تحقیقات کیوں نہیں کی گئی؟ سومرو نے کہا کہ سی سی ٹی وی میں موٹر سائیکل سوار شخص کا سراغ نہیں لگایا جاسکا۔

کمیشن نے پوچھا کہ گیسٹ ہاؤس کا مالک کون ہے؟ سومرو نے کہا کہ مالک خاتون ہیں جنہوں نے کسی کو دیا تھا۔گیسٹ ہاؤس کے 9 ملازمین کے انٿرویوز کیئے۔ کمیشن نے کہا کہ ہمیں کیسے پتہ چلے گا پولیس نے کسی کا بیان ریکارڈ نہیں کیا۔ گیسٹ ہاؤس کی سی سی ٹی وی کیسے خراب ہوئی؟ سومرو نے کہا کہ ایس ایچ او فیروز آباد کے پاس گیسٹ ہاؤس کا ڈی وی آر موجود تھا۔

کمیشن نے کہا کہ عدیل افضال نے تو بیان میں ڈی وی آر سے انکار کیا۔ ڈی وی آر کی ضبطگی کا میمو بھی ہمارے سامنے نہیں آیا۔ جبران ناصر نے کہا کہ فیملی کے بیان کے مطابق گیسٹ ہاؤس میں میر رضا کی تصویر دکھانے پر تین افراد بھاگ گئے تھے۔ گیسٹ ہاؤس ملازمین سے تفتیش کے دوران فیملی کو شناخت کے لئے نہیں بلایا گیا۔ گیسٹ ہاؤس ایک عقبی دروازہ بھی تھا۔

سومرو نے کہا کہ گیسٹ ہاؤس کے عقبی دروازے سے گلی کے ذریعے کیمروں میں آئے بغیر جائے وقعہ تک رسائی کی جاسکتی ہے۔ کمیشن نے پوچھا کہ کیا گیسٹ ہاؤس کسی طاقتور فرد کا ہے؟ آپ کی پوری تحقیقات پیسے کے اردگرد گھومتی رہی۔ سومرو نے کہا کہ 6 روز کی تحقیقات کے دوران قتل کے محرکات نہیں ملے۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ میر رضا کو ایسے غلط پیش کیا گیا جیسے وہ سب سے ہیسے مانگ رہا تھا۔ کرپٹو کے معاملے پر صحافیوں کی تحقیقات میں 3 اکاؤنٹس کی نشاندہی ہوئی جن سے بریک تھرو ہوسکتا تھا۔ جبران ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر اسامہ نے بھی اپنی رپورٹ میں صرف سامنے کی گولی لگنا قرار دیا، انہوں نے بھی خودکشی قرار نہیں دیا۔ موجودہ تحقیقاتی ٹیم بھی قتل کے محرکات کے بجائے قتل یا خودکشی پوسٹ مارٹم سے چیک کرنے میں لگی ہے۔

جسٹس عمر سیال نے ریمارکس دیئے کہ جیسے گھوڑے کو بلائنڈرز پہنایا جاتا ہے تاکہ وہ صرف سامنے دیکھے، یہ گھوڑا بھی یہی کررہا ہیں۔ کون لوگ تھے جو فیملی پر کیچڑ اچھالتے رہے۔ سومرو نے کہا کہ میں میڈیا پر کبھی نہیں آیا یا بیان دیا۔

جبران ناصر نے کہا کہ ایک نجی چینل نے والدین کی خلا کے دستاویز پولیس ذرائع سے چلائے تھے۔ فیملی کیخلاف تضحیک آمیز مہم چلائی گئی۔ ڈاکٹر اسامہ سے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ملاقات میں ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو بھی موجود تھے۔ کمیشن نے پوچھا کہ ڈاکٹر اسامہ کو وزیر اعلیٰ کیوں بلایا گیا؟ سومرو نے کہا کہ ایڈیشنل آئی جی صاحب نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ صاحب کو کیس کی بریفنگ دینی ہے۔ کمیشن نے آج کی کارروائی مکمل کرلی۔