پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے روز محمد شہزاد کی ریکارڈ ساز سنچری اور عتیق الرحمان کی ناقابلِ شکست سنچری نمایاں رہیں جبکہ بارش کے باعث کئی میچز میں کھیل محدود رہا۔
اسلام آباد کے ڈائمنڈ کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ٹی وی کے محمد شہزاد نے پاکستانی بیٹر کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنا دی۔ کنگز مین اکیڈمی کے خلاف انہوں نے صرف 49 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 62 گیندوں پر 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پی ٹی وی نے 58 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے۔
عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں عتیق الرحمان نے 136 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلتے ہوئے سائیڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ایم آئی ٹی سلوشنز نے 79 اوورز میں 3 وکٹوں پر 258 رنز بنائے۔ عتیق نے سید عواد نقوی کے ساتھ مل کر 218 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی، عواد 65 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں غنی گلاس نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف 263 رنز 6 وکٹوں پر بنائے۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش کے باعث کھیل 60 اوورز تک محدود رہا جس کے بعد کے آر ایل نے او جی ڈی سی ایل کے خلاف 202 رنز 5 وکٹوں پر بنائے۔