عمران خان نے لانگ مارچ کا اختیار سہیل آفریدی کو دیا ہے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہی آگاہ کریں گے، بیرسٹر گوہر

اپوزیشن لیڈران راجہ ناصر عباس اور محمود اچکزئی کو پارٹی معاملات سے آگاہ کردیا ہے


اسٹاف رپورٹر September 25, 2026
فوٹو فائل

اسلام آباد:

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کا اختیار سہیل آفریدی کو دیا ہے لانگ مارچ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن لیڈران کو کچھ فیصلوں سے متعلق اعتماد میں لیا ہے، ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی مستقل کی حکمت عملی زیر بحث آئی ہے، لانگ مارچ کا اختیار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو عمران خان نے دیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا لانگ مارچ کو لیڈ کریں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں ہے، ہم سیاسی جماعت ہیں اور اتفاق رائے و تفصیلی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں، ہم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود اچکزئی کو پارٹی معاملات سے متعلق آگاہ کرتے ہیں، میں دونوں اپوزیشن لیڈران کی بے پناہ عزت کرتا ہوں ، کبھی ان کو فون پر نہیں بتاتا خود ان کے پاس آکر انہیں بتاتا ہوں۔

بیرسٹرگوہر نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق جو بھی فیصلہ ہوگا اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی ہی آگاہ کریں گے۔