کراچی، شیریں جناح کالونی ہندو پاڑا کے قریب فائرنگ سے بوٹ بیسن تھانے کا اہلکار شہید

وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی


اسٹاف رپورٹر September 27, 2026

کراچی:

شہر قائد کے علاقے کلفٹن بلاک ون شیریں جناح کالونی ہندو پاڑا کے قریب فائرنگ سے بوٹ بیسن تھانے کا اہلکار شہید ہوگیا۔

مقتول اہلکار کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی ، ابتدائی طور پر فائرنگ کا واقعہ منشیات فروش کی گرفتاری کے دوران کی گئی فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں شہید پولیس اہلکار کسی کا تعاقب کرتے ہوئے دکھائی دیا اور فائرنگ کی بھی آوازیں سنائی دیں۔

وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کرلی ، شہید پولیس اہلکار کی شناخت 26 سالہ وہاب خٹک کے نام سے کی گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا جبکہ کرائم سین یونٹ نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملنے والے شواہد کو محفوظ کرلیا۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے مطابق شہید پولیس اہلکار کو کندھے پر لگنے والی ترچھی ہو کر دل کی جانب چلی گئی ، اسپتال پہنچنے تک اہلکار بات چیت کر رہا تھا جسے طبی امداد کے دوران خون کی 6 بولتیں چڑھائی گئیں لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

انھوں نے بتایا کہ شہید اہلکار نے مخبر کے ہمراہ منشیات خرید کر فوری ملزم کو پکڑنا چاہا تو ملزم نے ہاتھ چھڑا کر بھاگنے کی کوشش کی اور اس دوران اہلکار نے تعاقب کیا تو اس پر گلی سے فائرنگ کی گئی جس سے وہ زخمی ہوا اور اسے فوری طور پر قریب قائم نجی اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوراج علاج شہید ہوگیا۔

انھوں نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکار کی چند روز بعد شادی ہونا تھی تاہم پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور اس دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار کی شہادت کی اطلاع پر وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار اور آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے کراچی پولیس چیف اور ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلات طلب کی ہیں جبکہ انھوں نے شہید اہلکار کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کے قاتلوں کو گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔

پولیس پر فائرنگ کرنے والے عناصر کو قانون کی گرفت میں لاکر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس پولیس اہلکار وہاب خٹک سادہ لباس میں موٹر سائیکل پر کسی کے ہمراہ پیچھے بیٹھا ہوا دکھائی دیا اور اس دوران دوسری موٹر سائیکل پر آنے والے شخص ان کے پاس آکر رکتا ہے اس دوران پولیس اہلکار وہاب خٹک پستول نکال کر اسے پکڑنے کی کوشش کرتا ہے تو وہ شخص بھاگتا ہے جس کا پولیس اہلکار تعاقب کرتا ہوا دکھائی دیا اور اس دوران دونوں جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس کی آوازیں سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی سنائی دیں ۔