کراچی:
منگھوپیر گرین سٹی میں گھر کے اندر دوران ڈکیتی فائرنگ سے جاں بحق روشم خان کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے دھرنا بیس دن بعد ختم ہوگیا، قاتل گرفتار ہوگئے، مقتول کی تدفین کردی گئی۔
ڈکیتی کا یہ واقعہ واقعہ 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب منگھوپیر میں پیش آیا تھا، جہاں پولیس کی وردی میں ملبوس شخص دیگر افراد کے ہمراہ گھر میں داخل ہوا۔ اہل خانہ کے مطابق ملزمان نے گھر میں ڈکیتی کی اور مزاحمت کے دوران فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 سالہ حافظ قرآن روشم حسین جاں بحق ہوگیا تھا۔
واقعے کے بعد مقتول کے والد اور دیگر لواحقین نے منگھوپیر تھانے کے سامنے احتجاجی دھرنا دے دیا تھا اور ملزمان کی گرفتاری تک نوجوان کی تدفین سے انکار کردیا تھا۔ احتجاج کے دوران مقتول کی میت کئی روز تک احتجاجی کیمپ میں رکھی رہی۔
لواحقین کے احتجاج میں مختلف سماجی تنظیموں اور علاقہ مکینوں نے بھی شرکت کی اور مطالبہ کیا کہ نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
پولیس نے بعد ازاں نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ مقتول کے والد نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو شناخت بھی کرلیا جس کے بعد لواحقین نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔
احتجاج ختم ہونے کے بعد آج منگھوپیر کے رمضان گوٹھ میدان میں حافظ روشم حسین کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں مقتول کے لواحقین، عزیز و اقارب اور بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
ٹاؤن چیئرمین منگھوپیر نواز علی بروہی، شفیق جان درانی، شاکراللہ سمیت دیگر علاقائی معززین بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد حافظ روشم حسین کی تدفین کردی گئی۔