کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 7 زخمیوں سمیت 8 ملزمان گرفتار، ایک فرار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا


محمد شاہ میر خان September 27, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہوگیا۔

ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری سیکٹر سی ون کے قریب رحمانیہ موڑ پر پولیس اور اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ کے بعد پولیس نے 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت کاشف میاں ولد یونس میاں اور عامر اشرف ولد محمد اشرف کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے 2 پستول بمعہ ایمونیشن، 2 موبائل فون، موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد کرلی۔

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسری جانب درخشاں پولیس نے ڈی ایچ اے فیز 5 سی ویو روڈ کے قریب گشت کے دوران مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو پولیس کے مطابق ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

ترجمان ضلع ساؤتھ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت جدعون عرف جے ڈی ولد فرانسس اور پیٹر عرف چِینا ولد لازر کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے 2 پستول اور 7 راؤنڈز، مبینہ طور پر چھینا گیا ایپل لیپ ٹاپ، ایئر پوڈز، پرس، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور فوڈ پانڈا بیگ برآمد کرلیا ہے۔

جبکہ ملزموں کو جناح اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔ ادھر حیدری مارکیٹ کے قریب  پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان الکوثر اسکول بلاک جی کے قریب فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق پولیس مقابلے کے بعد پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

گرفتار ملزم کی شناخت مثال خان ولد افضل خان کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول بمعہ راؤنڈز، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

دریں اثنا لیاری کے علاقے جہان آباد جلانی مزار کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ملزمان کو زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی شناخت طفیل احمد ولد امام بخش 22 سالہ اور ریحان ولد کامران کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ادھر شرافی گوٹھ ملیر ندی کے قریب بھی مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت مین دھر کیا گیا ۔ ایس ایچ او تھانہ شرافی گوٹھ شاہد تاج کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت مجمود ضلع حاجی امین کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ برآمد اسلحہ قبضے میں لیکر ملزم کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔