برطانیہ کے مغربی علاقے میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال ایک اہم ایئربیس کے قریب پولیس نے بڑی ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے متعدد املاک خالی کرا لی ہیں جبکہ دھماکا خیز مواد سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کے شبہے میں کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ گلوڈیستر شائر کے علاقے ویل فورڈ میں پیش آیا، جہاں پولیس نے کارروائی کے دوران کئی افراد کو گرفتار کرنے کے بعد فوج کی بم ڈسپوزل ٹیم کو طلب کرلیا۔ پولیس کے مطابق ماہرین اس وقت متعدد گاڑیوں کا معائنہ کر رہے ہیں۔
گلوڈیستر شائر پولیس نے بیان میں کہا کہ ویل فورڈ کے علاقے میں متعدد املاک کو احتیاطی طور پر خالی کرایا جا رہا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد پر Explosives Act کے تحت جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
حکام نے علاقے میں بڑے واقعے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ تاہم پولیس نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ زیرِ تفتیش گاڑیوں میں کسی قسم کا دھماکا خیز مواد ملا ہے یا نہیں، اور نہ ہی واقعے کے محرکات کے بارے میں تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ویل فورڈ گاؤں ایئربیس کے بالکل قریب واقع ہے۔ یہ برطانوی فضائیہ کا اڈہ ہے جسے امریکی فضائیہ بھی استعمال کرتی ہے، جس کے باعث واقعے کے بعد سکیورٹی اقدامات کو مزید اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
پولیس اور بم ڈسپوزل ماہرین کی کارروائی جاری ہے، جبکہ علاقے میں موجود رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔