کراچی:
سولجر بازار نمبر تین کباب ہاؤس کے سامنے سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا، پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے کر اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق سولجر بازار نمبر 3 نشتر روڈ یامین کباب ہاؤس کے سامنے فائرنگ ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔
ابتدائی طور پر سوڈا شاپ پر کام کرنے والے ایک ملازم فہیم نے پولیس اور میڈیا کو بتایا کہ مقتول 23 سالہ عاصم ہے جو لائنز ایریا کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق سکھر سے تھا۔
انہوں نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار 2 ڈاکو آئے اور انہوں نے چھینا جھپٹی کے دوران عاصم کو سیدھا سینے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے جبکہ ایس ایچ او سولجر بازار نے رابطہ کرنے پر میڈیا کو بتایا تھا کہ عاصم سیکیورٹی گارڈ سے اتفاقیہ گولی چلنے سے جاں بحق ہوا ہے اور سیکیورٹی گارڈ کو پولیس حراست میں لے کر اس کا اسلحہ قبضے میں لے لیا۔
مقتول کی لاش اسپتال پہنچنے کے کچھ دیر بعد فہیم اور لمکا شاپ کا مالک اور دیگر ملازم بھی سول اسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے مرنے والے شخص کی لاش دیکھ کر کہا کہ یہ تو عاصم نہیں ہے بلکہ کوئی اور ہے۔
بعد ازاں عاصم کے موبائل فون پر رابطہ کیا گیا تو اس کے دوست نے فون اٹینڈ کیا اور بتایا کہ عاصم گھر پر سویا ہوا ہے اس نے آج کام سے چھٹی کی تھی۔
پولیس نے لمکا شاپ پر سی سی ٹی وی فوٹیج کے کیمروں کی فوٹیجز حاصل کیں جس میں دیکھا گیا کہ نشتر روڈ سے دو موٹر سائیکلوں پر سوار 3 افراد آئے جن میں سے ایک کے پاس ٹرپل ٹو رائفل تھی جو کھلے عام موٹر سائیکل پر لایا تھا جبکہ اس کے ساتھی موٹر سائیکل سوار کے پاس پستول تھی جو فوٹیج میں دکھائی دے رہی تھی۔
موٹر سائیکل سوار ٹرپل ٹو رائفل لیکر لمکا شاپ کے برابر میں واقعے اسٹیٹ ایجنسی کے سامنے رکا اور سرعام اسلحہ لہراتے ہوئے دکان کے شٹر بند کرنے کو کہا، اس دوران لمکا شاپ پر بیٹھی ایک فیملی خوفزدہ ہوکر دکان کے اندر چلی گئی جبکہ آن لائن فوڈ سپلائی کرنے والا موٹر سائیکل رائیڈر اپنی موٹر سائیکل کو زمین پر لیٹا کر بھاگتا ہوا دکان کے اندر چلا گیا۔
موٹر سائیکل سوار دو افراد کچھ دیر کھڑے اسلحہ لہراتے رہے اور پھر موٹر سائیکل پر بیٹھ کر وہاں سے چلے گئے۔ اسی دوران فوٹیج میں ایک شخص کو بھاگتے ہوئے دیکھا گیا پھر سیلون شاپ کے سیکیورٹی گارڈ نے بھاگتے ہوئے شخص کو دیکھ کر فائرنگ کر دی جس سے بھاگتے ہوئے 22 سالہ شخص کے سینے میں دائیں جانب ایک گولی لگی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، پولیس نے موقع سے ایک خول اور دو کارآمد گولیاں برآمد کر لیں۔
ایس ایچ او سولجر بازار کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والا شخص مبینہ طور پر ڈاکو ہے جس کی شناخت کا عمل جاری ہے، ایس ایچ او نے لمکا شاپ کے مالک کو ان کی اجازت کے بغیر سی سی ٹی وی فوٹیج کسی کو بھی دینے سے منع کر دیا۔