کراچی:
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 3 زخمیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور مسروقہ گاڑی و موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل عمران خان کے مطابق نیو کراچی نمبر 3 میں حافظ جی مزار کے قریب پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی ملزم محمد جنید سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کیا جن کی شناخت حماد اور کاشف عرف کامران کے نام سے بھی ہوئی ہے۔
ملزمان سے ایک اصلی اور ایک نقلی پستول، موبائل فونز، نقدی، پرس اور دیگر قیمتی اشیا برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے 23 ستمبر کو نیو کراچی سے چھینی گئی ٹویوٹا کرولا بھی برآمد ہوئی۔ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق مبینہ بین الصوبائی کارلفٹر گروہ سے ہے۔
دوسری کارروائی میں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے صدیق آباد قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
چھیپا کے مطابق زخمی ملزمان عطا اللہ اور عجب خان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 2 پستول، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔