آبنائے ہرمز میں ایرانی میزائل حملہ، 8 امریکی میرینز زخمی ہونے کا انکشاف

حکام نے جہاز کی قسم یا دیگر تفصیلات بھی ظاہر نہیں کیں اور اسے صرف ایک بحری جہاز قرار دیا


ویب ڈیسک September 28, 2026

آبنائے ہرمز میں ایرانی اینٹی شپ کروز میزائل کے حملے کے نتیجے میں 8 امریکی میرینز کے زخمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے تین امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ 14 ستمبر کو پیش آیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق میزائل ایک ایسے بحری جہاز سے ٹکرایا جس پر امریکی میرینز موجود تھے۔ حملے کے نتیجے میں اہلکاروں کو دھوئیں کے باعث سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بعض میں دماغی چوٹ اور کنکشن جیسی علامات، جن میں سر درد بھی شامل تھا، سامنے آئیں۔ تاہم کسی بھی اہلکار کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

زخمی ہونے والے 8 میرینز میں 7 اہلکار اور ایک افسر شامل تھا۔ امریکی حکام کے مطابق تمام آٹھ اہلکار حملے کے کچھ ہی عرصے بعد دوبارہ ڈیوٹی پر واپس آگئے۔

یہ میرینز ایک بٹالین کا حصہ تھے۔ تاہم امریکی حکام نے بتایا کہ جس بحری جہاز کو میزائل نے نشانہ بنایا وہ امریکی بحریہ کا جنگی جہاز نہیں تھا۔

حکام نے جہاز کی قسم یا دیگر تفصیلات بھی ظاہر نہیں کیں اور اسے صرف ایک بحری جہاز قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق حملے اور میرینز کے زخمی ہونے کی تفصیلات اس واقعے کے وقت عوامی طور پر سامنے نہیں آئی تھیں۔ بعد میں زخمی اہلکاروں کو امریکی فوج کے سرکاری ریکارڈ میں شامل کیا گیا، جس کے باعث واقعے کی معلومات اب منظرعام پر آئی ہیں۔

آبنائے ہرمز اس وقت امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے دوران اہم فوجی اور بحری محاذ بن چکی ہے۔

گزشتہ ہفتوں میں اس علاقے میں مختلف بحری جہازوں اور آئل ٹینکرز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل پر بھی دباؤ بڑھا ہے۔